الشفا اسپتال سے ملنے والی لاشوں کی اجتماعی قبر میں تدفین کردی گئی ویڈیو وائرل

اسرائیل کے الشفا اسپتال پر حملے کے بعد وہاں سے مسخ شدہ 110 سے زائد ناقابل شناخت لاشیں ملی تھیں


ویب ڈیسک November 23, 2023
اسرائیل کے الشفا اسپتال پر حملے کے بعد وہاں سے 110 سے زائد لاشیں ملی تھیں، فوٹو: رائٹرز

غزہ میں 100 سے زائد فلسطینیوں کی لاشوں کو ایک اجتماعی قبر میں دفن کردیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ لاشیں مبینہ طور پر الشفا اسپتال پر اسرائیلی قبضے کے بعد وہاں سے ملی تھیں۔ یہ لاشیں بری طرح گل سڑ گئی تھیں جن میں خواتین اور بچوں کی لاشیں بھی شامل تھیں۔

ان لاشوں میں سے بعض بری جلی ہوئی تھیں۔ کچھ کو الیکٹرک شاٹ دیئے گئے تھے اور کچھ دھماکے اور گولیوں سے بری طرح چھلنی تھیں۔ چہرے مسخ تھے اور شناخت ممکن نہ تھی۔

اسرائیل کے مسلسل حملوں میں طبی مراکز کے تباہ ہونے کے باعث صحت کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جس کے باعث ان لاشوں کی سائنسی اور طبی بنیاد پر شناخت کا عمل بھی مکمل نہ ہوسکا تھا۔



سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ٹرک میں 110 سے زائد لاشیں لائی گئیں اور پھر بھاری مشینری سے تیار کی گئی ایک اجتماعی قبر میں ان کو دفنا دیا گیا۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل ہٹ دھرمی پر قائم؛ جنگ بندی ایک دن کیلیے مؤخر کردی

یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جب کہ 25 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں