کراچی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث برطرف پولیس اہلکارسمیت 2 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان شہریوں کو مختصر مدت کے لیے اغوا کر کے اہل خانہ سے تاوان وصول کرتے تھے، ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس

گرفتار ملزمان کی شناخت پولیس سے برطرف کیے جانے والے احسان فاروقی ولد خلیل احمد اور اس کے ساتھی واحد بلوچ کے نام سے کی گئی

اورنگی ٹاؤن پولیس نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث پولیس کے برطرف اہلکار سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق اورنگی پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کر کے اغوا برائے تاوان میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کے خلاف اسپیشل برانچ سے بھی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کے حوالے سے انٹیلیجنس رپورٹ ( آئی آر) پولیس کو موصول ہوئی تھی۔


گرفتار ملزمان کی شناخت پولیس سے برطرف کیے جانے والے احسان فاروقی ولد خلیل احمد اور اس کے ساتھی واحد بلوچ کے نام سے کی گئی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے سادہ لوح افراد کو مختصر مدت کے لیے اغوا کر کے اہلخانہ سے تاوان وصول کرتے تھے۔

ملزمان نے رواں سال 8 اکتوبر کو اورنگی ٹاؤن کے علاقے بلوچ گوٹھ سے شہری مراد کو اغوا کیا اور اس کے اہلخانہ سے رہائی کے عوض 70 لاکھ روپے تاوان وصول کیا جس کا مقدمہ اورنگی ٹاؤن تھانے میں اغوا برائے تاوان کی دفعہ 365 اے کے تحت درج ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مزید تفتیش کے لیے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
Load Next Story