لائیو پرفارمنس کے دوران یوکرینی میزائل حملے میں روسی اداکارہ ہلاک

حملے میں روسی فوجی تقریب کو نشانہ بنایا جس میں 25 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوئے، یوکرینی کمانڈر


ویب ڈیسک November 23, 2023
فوٹو: ایکس

اسٹیج پر لائیو پرفارمنس کے دوران یوکرینی میزائل حملے میں روسی اداکارہ ہلاک ہوگئی۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے زیر کنٹرول یوکرینی علاقے ڈونباس میں روسی فوجیوں کے لیے پرفارم کرتے ہوئے یوکرین کے میزائل حملے میں روسی اداکارہ 40 سالہ پولینا مینشیخ سمیت متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق وہ اس واقعے سے متعلق تفصیلات کی تصدیق نہیں کرسکی لیکن دونوں طرف کے فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ 19 نومبر کو اس علاقے میں یوکرین کی طرف سے میزائل حملہ ہوا تھا۔

روسی فوجی ذرائع نے بتایا کہ ڈونیٹسک میں ایک اسکول اور ثقافتی مرکز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تھا تاہم روسی وزارت دفاع نے واقعے پر تبصرہ سے انکار کیا اور حملے میں کسی جانی نقصان کا ذکر نہیں کیا۔

یوکرین کے فوجی کمانڈر رابرٹ بروودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یوکرینی فوج نے حملے میں روسی فوجی ایوارڈ کی تقریب کو نشانہ بنایا گیا جس میں 25 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل غیر تصدیق شدہ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے اداکارہ پولینا مینشیخ اسٹیج پر گٹار کے ساتھ گنگنا رہی ہیں کہ اسی دوران عمارت اچانک ایک دھماکے سے لرز اٹھتی ہے جس کے بعد اندھیرا چھا جاتا ہے، اس سے قبل کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹنے کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں