پاکستان ایئرفورس کی پائلٹ مریم مختیار کی شہادت کو 8 برس بیت گئے
مریم مختیار نے 24 نومبر2015کی صبح تربیتی پرواز کے دوران جہاز میں خرابی پیدا ہوجانے پر جام شہادت نوش کیا
پاکستان ایئرفور س کی پہلی شہید خاتون پائلٹ،فلائنگ آفیسر مریم مختیار کی شہادت کو8 برس بیت گئے، انہوں نے لڑاکا طیارے کی تربیتی پرواز کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔
18 مئی 1992 کوکراچی میں پید اہونے والی مریم نے ابتدائی تعلیم کے بعد مئی 2011میں پاک فضائیہ کے 132 ویں جی ڈی پائلٹ کورس میں شمولیت اختیار کی تھی۔
تربیت کے دوسرے مرحلے میں مریم پاک فضائیہ کے ان جانبازوں کی صف میں شامل ہونے جارہی تھیں جنھوں نے سن 65 اور71 کی جنگوں میں بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔
پی اے ایف رسالپور سے مریم کو فائٹر کنورشن کے لیے ایم ایم عالم ایئر بیس بھیجا گیا،جہاں مریم نے لڑاکا طیاروں کی تربیت حاصل کرنی شروع کی، مریم نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے افواج پاکستان میں شامل ہونے کو ترجیح دی تھی۔
24 نومبر2015کی صبح مریم اپنے انسٹرکٹر کے ہمراہ تربیتی پرواز پر روانہ ہوئیں،اسی دوران لڑاکا جہاز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی،جس کی وجہ سے ان کے لیے جہاز سے باہر نکلنا لازم ہوگیا تھا۔
انتہائی مشکل اور قلیل وقت میں اپنی جان کا تحفظ مگر نیچے موجود دوسری انسانی جانوں کا بھی خیال، انہی مشکل حالات کے دوران مریم نے جام شہادت نوش کیا۔