ذاتی مقاصد کے لیے مایوسی پیدا کرنے والوں کو عوامی حمایت سے شکست دی جائے گی پاک فوج

چلینجز کے باوجود کچھ ماہ میں غیر یقینی صورت حال کم جبکہ امید میں اضافہ ہوا ہے، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس

فوٹو فائل

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ذاتی مقاصد کیلیے ملک میں مایوسی پھیلانے والوں کو عوامی حمایت سے شکست دی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 82ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکا نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین کیا۔

'پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے دہشت گردوں سے ریاست مکمل طاقت سے نمٹے گی'

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشاروں پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر سے ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی"۔

فورم کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اظہار مذمت

فورم نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوام پر جاری جبر و استبداد پر تشویش کا اظہار اور بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

فورم نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ مسئلہ کشمیر کا دائمی حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے میں ہے۔


'فلسطینیوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے'

آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشن کمانڈرز نے پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا عزم دہرایا اور مسئلہ فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا کہ "پاکستان فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل، جس کی بنیاد 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ہے اورجس کا دارالحکومت القدس شریف ہے کی مکمل حمایت کرتا ہے"۔
Load Next Story