پشاور سینٹرل جیل میں قیدیوں کیلیے آن لائن سماعت کی سہولت کا افتتاح
سہولت سے سکیورٹی خدشات اور پیٹرول کے اخراجات پر کافی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے، نگراں صوبائی وزیر
سینٹرل جیل میں قیدیوں کے لیے آن لائن سماعت کی سہولت کا افتتاح کردیا گیا۔
نگران صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات اور سوشل ویلفیئر جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے سینٹرل جیل پشاور میں قیدیوں کے لیے کیسز کی آن لائن سماعت کی سہولت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جیل میں آن لائن ہیئرنگ کی سہولت سے سکیورٹی کے خدشات اور پیٹرول کے اخراجات پر کافی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں گرفتار ملزمان اب عدالتوں میں آن لائن پیشی کے ذریعے پیش کیے جا سکیں گے۔ ضمانت اور رہائی کے فیصلے جیل انتظامیہ کو آن لائن موصول ہوں گے۔ نگراں صوبائی وزیر نے کہا کہ جیلوں کی تزئین و آرائش پر کام جاری ہے۔ 4 جیلوں کی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوگیا ہے جس میں پشاور جیل بھی شامل ہے۔
نگراں صوبائی وزیر نے کہا کہ جیلوں میں اصلاحات کے ساتھ قیدیوں کی تربیت، علاج اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔ جیل میں قیدیوں کو مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں، جس کے ذریعے جیل سے باہر نکل کر وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے اور غلط کاموں سے دُور رہیں گے۔ قیدیوں کی بہتری کے لیے جیلوں کو جدید ٹیکنالوجی پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔