ڈاکٹر فوزیہ کی امریکی جیل میں عافیہ صدیقی سے ایک بار پھر ملاقات طے

ڈاکٹر فوزیہ 2 اور 3 دسمبر کو امریکی جیل میں اپنی بہن سے ملیں گی، سینیٹر مشتاق اور سینیٹر طلحہ بھی ساتھ ہوں گے، وکیل

(فوٹو: فائل)

عافیہ موومنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ کی امریکی جیل میں اپنی بہن عافیہ صدیقی سے ایک بار پھر ملاقات طے ہو گئی۔

ڈاکٹر فوزیہ 2 اور 3 دسمبر کو عافیہ صدیقی سے امریکا میں ملاقات کریں گی، جس میں سینیٹر مشتاق اور سینیٹر طلحہ بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کی، جس کے بعد ڈاکٹر فوزیہ کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں بہنوں کی ایک مرتبہ پھر ملاقات2 اور 3 دسمبر کو ہوگی۔


وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے امریکا روانگی سے قبل کچھ سکیورٹی خدشات ہیں، انہیں دور کرنا حکومت پاکستان کی ذمے داری ہے ۔ عافیہ صدیقی امریکا کی بدنام ترین جیل میں قید ہیں، جہاں ان پر بدترین تشدد ہو رہا ہے۔ اولین ترجیح یہ ہوسکتی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی فوری طور جیل تبدیل کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے بھی ہم نے عدالت کے ذریعے ریکارڈ حاصل کیا ہے۔ تمام ریکارڈر کی موجودگی میں اپنے کیس کو مضبوط بنارہے ہیں۔ عافیہ کے امریکی وکیل نے اپنے افغانستان وزٹ کے حوالے سے بھی عدالت کو آگاہ کیا ہے۔ وہ افغانستان میں عافیہ صدیقی کو قید کے دوران مظالم کے حوالے سے ثبوت اکٹھے کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے بھی عدالت کو ابھی سرسری طور پر آگاہ کیا ہے۔

وکیل کے مطابق پاکستانی ایمبیسڈرز جو عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے جاتے رہے، اس کا بھی ریکارڈ لیا ہے۔ فارن افیئرز منسٹری وہ ریکارڈ دینے کو تیار نہ تھی تاہم عدالتی حکم پر ریکارڈ مل گیا ہے۔
Load Next Story