قتل سمیت درجنوں  مقدمات میں مطلوب اشتہاری  ملزم ایران سے گرفتار

14 سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم عبدالجبار نے گزشتہ ماہ گوجرانوالہ کے علاقے میں ایک ہی گھر کے 4 افراد کو قتل کیا تھا

اشتہاری ملزم قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری سمیت درجنوں دیگر سنگین جرائم میں ملوث مطلوب تھا

قتل سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب ہائی پروفائل اشتہاری ملزم کو ایران سے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق اشتہاری ملزم قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری سمیت درجنوں دیگر سنگین جرائم میں ملوث مطلوب تھا، جس نے گزشتہ ماہ تتلے والی گوجرانوالہ کے علاقے میں ایک ہی گھر کے 4 افراد کو قتل کیا تھا۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا، جس پر اسپیشل آپریشنز سیل کی ٹیم نے اشتہاری ملزم عبدالجبار عرف جبارو کو ٹریس کرکے ایران سے گرفتار کیا ۔


پنجاب پولیس، ایف آئی اے اور انٹرپول کی باہم رابطہ کاری کے ذریعے گرفتار کیے گئے اشتہاری ملزم عبدالجبار کو لینڈ روٹ سے پہلے گوادر اور پھر گوجرانوالہ منتقل کیا گیا ہے۔ ملزم مجموعی طور پر 14 سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ۔

آئی جی پنجاب نے خطرناک اشتہاری کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ سنگین جرائم میں مطلوب خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاریوں کے لیے کریک ڈاؤن کی کامیابیاں قابل ستائش ہیں ۔ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے آر پی اوز ، ڈی پی اوز آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔

واضح رہے کہ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری ملزمان کی مجموعی تعداد 137 ہو گئی ہے۔
Load Next Story