والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا نام تبدیل کردیا گیا
اتھارٹی کا دائرہ کار پورے صوبے تک وسیع کرتے ہوئےاسے’’ پنجاب والڈ سٹیزاینڈ ہیرٹیج ایریاز اتھارٹی ‘‘ کا نام دیا گیا ہے
نگراں حکومت پنجاب نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا نام بدل کر '' پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیرٹیج ایریاز اتھارٹی '' کردیا ہے۔ اتھارٹی کے دائرہ اختیار کو صوبے بھر تک وسعت دیتے ہوئے نام بھی تبدیل کیا گیا ہے۔
والڈسٹیز اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھانے کا مقصد جامع قانونی فریم ورک، پنجاب بھر کے والڈ سٹی کو موثر انداز میں محفوظ کرنے کے لیے خصوصی ادارہ جاتی انتظامات فراہم کرنا اور ہیرٹیج پراپرٹی کو محفوظ کرنا ہے۔
آرڈیننس کے تحت اب اتھارٹی کا نیا نام "پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیرٹیج ایریاز اتھارٹی '' کر دیا گیا ہے۔ محکمہ قانون و پارلیمانی امور نے نام کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیرٹیج ایریاز اتھارٹی کامران لاشاری نے اس حوالے سے بتایا کہ اتھارٹی والڈ سٹی لاہور کی طرح پورے پنجاب کے خصوصی تاریخی مقامات اور کلچر پر کام کرے گی اور اس کو محفوظ بنانے کے لیے کوشاں رہے گی۔
اس سے قبل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے پنجاب آرکیالوجی کے زیرا نتظام اہم تاریخی مقامات بشمول شالامارباغ، مقبرہ جہانگیر و دیگر مقامات اتھارٹی کے حوالے کیے گئے تھے۔