شوہر سے تاوان کے نام پر رقم ہتھیانے کیلئے ماں نے بچے کو ہی اغوا کرادیا
2 سالہ بچہ مبینہ طور پر ماں کے بازوؤں سے اس وقت چھین لیا گیا جب وہ سڑک پر چل رہی تھی
کولمبیا میں ایک ماں نے اپنے ہی بچے کو اغوا کرنے کا ڈرامہ رچایا تاکہ اپنے شوہر سے بچے کے بدلے تاوان وصول کرسکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ عجیب و غریب واقعہ کولمبیا کے شہر بارنکیلا میں پیش آیا جہاں ایک ماں پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے کئی ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے ہی ننھے بچے کو اغوا کرایا تاکہ والد سے تاوان کی رقم حاصل کی جا سکے۔
بارانکویلا کے جنوب میں واقع قصبے کیریب ورڈے میں ایک چھوٹے بچے کے اغوا ہونے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ 2 سالہ بچہ مبینہ طور پر ماں کے بازوؤں سے اس وقت چھین لیا گیا جب وہ سڑک پر چل رہی تھی۔ ہیلمٹ پہنے ہوئے دو حملہ آور موٹرسائیکلوں پر سوار خاتون کے قریب پہنچے، اسے ڈرایا اور پھر اس کے بچے کو لے کر فرار ہوگئے۔
جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو انہوں نے خاتون سے پوچھ گچھ شروع کر دی اور بچے کو تلاش کرنا سب سے بڑی ترجیح بن گیا تاہم اس میں زیادہ وقت نہیں لگا جب کسی نے قریب ہی ایک اپارٹمنٹ میں مغوی بچے کی موجودگی کی اطلاع دی۔
اطلاع ملنے پر ایک پولیس ٹیم فوری طور پر اپارٹمنٹ میں پہنچی تاہم انہوں نے نقاب پوش حملہ آوروں کے بجائے بچے کو اس کی ماں کے ایک دوست کی دیکھ بھال میں پایا۔
آدھی رات کے قریب ایک خاتون نے پولیس کو بذریعہ فون اطلاع دی کہ اس کا 17 سالہ بیٹا ایک بچے کو گھر لایا ہے جو اغوا ہوئے بچے کی تفصیل کے مطابق ہے۔ نوجوان لڑکے سے پوچھ گچھ کرنے پر افسران کو معلوم ہوا کہ وہ بچے کی ماں کا دوست ہے اور ماں نے اس سے کچھ دنوں کے لیے لڑکے کی دیکھ بھال کرنے کا کہا تھا کیونکہ اس نے اپنے شوہر یعنی بچے کے والد سے تاوان کی صورت میں 60 ملین پیسو (14,700 ڈالرز) وصول کرنے تھے۔