کراچی راشد منہاس روڈ پر شاپنگ میں آتشزدگی 11 افراد جاں بحق

35 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا، کچھ کی حالت تشویش ناک، آگ پر قابو پانے کی کارروائیاں جاری ہیں

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ عمارت کے جنریٹر میں لگی تھی (فوٹو: اسکرین گریب)

شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر کمرشل عمارت میں لگنے والی آگ سے 11 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، کچھ افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کمرشل عمارت میں لگنے والی آگ تین سے چار منزلوں تک پھیلی، جس کی زد میں آکر درجنوں دکانیں خاکستر ہو گئیں۔ حفاظتی اقدامات کے تحت اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کرکے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

فائر بریگیڈ حکام نے ابتدائی طور پر بتایا کہ شاپنگ مال کی چھت پر رکھے جنریٹر میں آگ لگی تھی، جس کی اطلاع پر کارروائی شروع کی گئی اور 2 افراد کو اسنارکل کی مدد سے ریسکیو کیا، بعد ازاں آگ کے پھیل جانے پر 8 فائر ٹینڈر ، ایک باؤزر اور ایک اسنارکل کی مدد سے آگ بجھائی گئی۔

جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق جوہر موڑ پر شاپنگ مال میں جاں بحق ہونے 8 افراد کی لاشیں لائی گئی ، جن میں سے 2 کی شناخت کریم بخش اور محمد یونس کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے میں زخمی 3 افراد کو جناح اسپتال لایا گیا گیاہے۔ دوسری جانب سول اسپتال برنس وارڈ میں ایک لاش پہنچائی گئی جب کی ایک لاش عباسی شہید اسپتال میں لائی گئی۔

مزید پڑھیں: شاپنگ مال میں آتشزدگی، میئر کراچی نے ملبہ کنٹومنٹ بورڈ پر ڈال دیا


ڈی سی ایسٹ الطاف شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ پر تقریباً قابو پایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگ دوسری منزل پر رات میں کسی وقت لگی، جس نے بعد ازاں تیسری اور چوتھی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھویں کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ 6 منزلہ عمارت میں آگ بجھانے کا نظام موجود نہیں تھا۔ عمارت چاروں جانب سے بند ہے جب کہ وینٹی لیشن کا بھی کوئی مناسب انتظام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنریٹر میں آگ لگنے کی بات درست نہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے نے شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کے دوران 6 افراد کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کمشنر کراچی نے بتایا کہ کمرشل عمارت میں ہنگامی اخراج کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے تھے اور عمارت چاروں طرف سے بند تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں آتشزدگی کیوجہ شارٹ سرکٹ کو قرار دیا گیا ہے۔

دریں اثنا گلستان جوہر راشد مہناس روڈ پر قائم شاپنگ مال میں لگنے والی اگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 11 افراد کی لاشوں کو شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ چھیپا اور ایدھی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد یونس ، کریم بخش ، شاہ زیب ، اسد صادق ، کاشف ، وہاج الدین ، بلال آصف ، سلمان ، آدیش ، بلال تاج اور اسد یعقوب کے نام سے ہوئی۔
Load Next Story