اشتعال انگیز گفتگو مریم اورنگزیب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری
انسداد دہشت گردی عدالت نے مریم اورنگزیب کی بریت کی درخواست پر پراسیکیوشن سے جواب طلب کرلیا
اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمے میں عدالت نے مریم اورنگزیب کے ناقابل ضمانت وارنٹ دوبارہ گرفتاری کردیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر کے خلاف اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں مریم اورنگزیب جج عبہر گل کے روبرو پیش نہ ہوئیں، جس پر عدالت نے کیس کو انتظار میں رکھ لیا۔
دوران سماعت لیگی رہنما جاوید لطیف سمیت دیگر ملزمان نے عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے ملزمان کے وکلا کو مشاورت کرنے کی مہلت دے دی۔
بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے مریم اورنگزیب کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا ۔ عدالت نے میاں جاوید لطیف سمیت دیگر کو بھی آئندہ سماعت پر 9 دسمبر کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے میاں جاوید لطیف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے اور مریم اورنگزیب کی بریت کی درخواست پر پراسکیوشن سے جواب طلب کر لیا ۔ واضح رہے کہ مریم اورنگزیب اور دیگر لیگی رہنماؤں کے خلاف تھانہ گرین ٹاؤن پولیس میں مقدمہ درج ہے۔