شاہدرہ گاڑی کھائی میں گرنے سے ایک لڑکی جاں بحق ڈرائیور گرفتار

اسکول کے بچے سیروتفریح کے لیے شیخورہ سے اسلام آباد آئے ہوئے تھے

(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

شاہدرہ پکنک پوائنٹ کے قریب اسکول کے بچوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے ایک لڑکی جاں بحق جبکہ 19 بچے اور دو اساتذہ زخمی ہوگئے، بس میں 59 افراد سوار تھے۔


اسلام آباد پولیس کے مطابق شاہدرہ پکنک پوائنٹ کے قریب اسکول کے بچوں کی گاڑی کھائی میں جاگری جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔







پولیس کے مطابق حادثے میں ایک لڑکی جاں بحق جب کہ 19 بچے اور دو ٹیچر زخمی ہوگئے جنہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا، شیخوپورہ میں واقع مقامی اوریگن اسکول کے بچے سیروتفریح کے لیے اسلام آباد آئے ہوئے تھے۔


ذرائع کے مطابق جاں بحق لڑکی ٹیچر تھی جس کی شناخت ہانیہ کے نام سے کرلی گئی، اس کی عمر 22 سال ہے، پولی کلینک لائے گئے زخمیوں میں دو بچیاں اور تین بچے شامل ہیں، زخمی بچوں کی عمریں 9 سے 12 سال تک ہیں، بارہ سالہ بچے مہصم کی حالت تشویش ناک ہے جسے بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، 12 سالہ زخمی مہصم کی کمر کی ہڈی ٹوٹی ہے۔

چند زخمیوں کی شناخت کرلی گئی جس میں 9 سالہ حریت فاطمہ، 12 سالہ نور فاطمہ، 9 سالہ ابوبکر، 12 سالہ فیضان جمیل بھی شامل ہیں۔

دریں اثنا اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ بس میں 59 افراد سوار تھے جن میں 19 بچے ، 22 بچیاں اور 13 ٹیچرز شامل ہیں، حادثے میں تمام افراد زخمی نہیں ہوئے، حادثے میں شکار کوسٹر کا نمر ایل ای ایس 5544 تھا، کوسٹر ڈرائیو کی شناخت محمد ریاض کے نام سے ہوئی ہے۔

بعد ازاں پولیس نے بتایا کہ شاہدرہ حادثہ کے بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا جسے تھانے منتقل کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

 
Load Next Story