بحر ہند میں اسرائیلی بحری جہاز پر مبینہ ڈرون حملہ

حملے میں جہاز کو نقصان پہنچا تاہم عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے، امریکی دفاعی عہدیدار


ویب ڈیسک November 25, 2023
فوٹو: انٹرنیٹ

امریکی دفاعی عہدیدار نے بحر ہند میں اسرائیلی بحری جہاز پر مبینہ ایرانی ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نامعلوم امریکی دفاعی ذرائع نے ہفتہ کے روز بتایا کہ جمعہ کو اسرائیلی بحری جہاز پر ڈرون حملہ ہوا جس میں ممکنہ طور پر ایرانی ساختہ ڈرون استعمال کیا گیا تاہم امریکی اہلکار نے اس کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔

اسرائیلی تاجر کی ملکیت مالٹا کے جھنڈے والے بحری جہاز پر مبینہ حملہ جمعہ کو بین الاقومی پانیوں میں ہوا جس میں جہاز کو نقصان پہنچا تاہم عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے۔

میری ٹائم سکیورٹی کمپنی ایمبرے کا کہنا کہ گزشتہ دنوں حوثیوں نے ایک بحری جہاز 'گیلیکسی لیڈر' کو اغوا کرلیا تھا اس لیے ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے جہاز ''سی ایم اے، سی جی ایم سیمی'' کے عملے نے حفاظتی اقدام کے طور پر دبئی کی جبل علی بندرگاہ سے نکلنے کے بعد اپنا ٹریکنگ سسٹم بند کر دیا تھا۔

'گیلکسی لیڈر' کے حوالے سے اسرائیل کا کہنا تھا کہ اس جہاز میں کوئی اسرائیلی شہری موجود نہیں اور یہ جاپانی کورگو جہاز ہے جو برطانوی کمپنی کی ملکیت ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی ایران پر اسرائیلی بحری جہازوں پر حملوں کے الزامات لگتے رہے ہیں لیکن تہران ماضی میں سرکاری طور پر ایسے حملوں کی تردید کرتا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں