اپ سیٹ کا خوف کینگروزاور بھارتی سورماؤں کی نیندین اڑگئیں

آسٹریلوی ٹیم آج آئرلینڈ کے مقابل، بلو شرٹس کا سامنا افغانستان سے ہوگا

کولمبو: بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کوچ ڈنکن فلیچر کے ہمراہ ٹریننگ سیشن کے لیے آ رہے ہیں فوٹو : ایکسپریس

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں بدھ کو 2 میچز کھیلے جائیں گے۔

کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کا مقابلہ آئرلینڈ اور بھارت کا سامنا افغانستان سے ہوگا، اپ سیٹ کے خوف نے کینگروز اور بھارتی سورمائوں کی نیندیں اڑادیں۔

دنیائے کرکٹ کی دو ٹاپ ٹیمیں مختصر فارمیٹ میں چھوٹی ٹیموں کو بھی بہت بڑا خطرہ قرار دے رہی ہیں۔ آسٹریلوی کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ میں تو اب میچ ختم ہونے پر ہی سکھ کا سانس لوں گا، بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ افغان سائیڈ کی صلاحیتیں ہمیں اس سے ہوشیار رہنے پر مجبور کررہی ہیں، دونوں چھوٹی ٹیمیں بھی بڑی سائیڈز کے ہوش اڑانے کیلیے پُرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں بدھ کے روز شیڈول دونوں میچز کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں، پہلے آسٹریلیا کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہو گا، پھر بھارت افغانستان سے مقابلہ کرے گا۔


آسٹریلیا اور بھارت ایونٹ کے آغاز پر اپ سیٹ کے خوف کا شکار ہیں۔ آسٹریلوی کوچ مکی آرتھر نے تو اس بات کا اعتراف بھی کرلیا، ان کا کہنا ہے کہ میں تو اب اس وقت ہی سکھ کا سانس لوں گا جب یہ میچ ختم ہوجائے گا۔

مجھے ناکامی کا خوف نہیں مگر اچھی طرح جانتا ہوں کہ آئرش ٹیم چھپی رستم ہے، اس ٹورنامنٹ میں اگر کسی بھی ٹیم کا دن اچھا ہو تو وہ جیت سکتی ہے۔ یاد رہے کہ آئرلینڈ نے گذشتہ برس ون ڈے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو شکست دی جبکہ 2007 کے میگا ایونٹ سے پاکستان کو باہر کرکے دنیا کو حیران کیا تھا۔

آسٹریلیا کو 2007 کے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے کے ہاتھوں ہار برداشت کرنا پڑی تھی جبکہ اسی ایونٹ سے بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو باہر کیا تھا، 2009 کے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں نیدرلینڈر نے انگلینڈ کو مات دی تھی۔ آئرش سائیڈ کو اس مرتبہ بطور کوچ کریگ میکڈرمٹ کی خدمات حاصل ہیں جو آسٹریلیا کے سابق کوچ ہونے کی وجہ سے اپنی ٹیم کو کینگروز کے بارے میں خفیہ معلومات فراہم کررہے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی کپتان دھونی کا کہنا ہے کہ افغانستان کے کھیل میں کافی بہتری آئی، ہم اسے آسان شکار سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے،افغان کپتان نوروز مینگل نے کہاکہ ہم بھی آئرلینڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اب کامیابیوں کا مزہ چکھنا چاہتے ہیں، ہمارے شائقین کی توقعات بڑھ گئیں، پہلے وہ چاہتے تھے کہ ہم بڑی ٹیموں سے کھیلیں اور اب ان کی خواہش ہے کہ ہم انھیں زیر بھی کریں۔
Load Next Story