اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیوں کا مغربی کنارے پر حملہ8 فلسطینی شہید17 زخمی

اسرائیل فوج کے مغربی کنارے پر حملے میں 17 فلسطینی نوجوان زخمی بھی ہوئے


ویب ڈیسک November 26, 2023
اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے پر حملے میں 17 فلسطینی شہید بھی ہوئے، فوٹو: فائل

مغربی کنارے میں 4 مختلف واقعات میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں 8 فلسطینی شہید اور 17 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے جنین میں اسرائیلی فوج بکتر بند گاڑیوں اور بلڈروز لے کر داخل ہوگئی اور سرچ آپریش کیا جس میں اسنائپرز کو عمارتوں کی چھتوں پر تعینات کیا گیا تھا۔

اس آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج کے اسنائپرز کی فائرنگ میں 5 فلسطینی نوجوان شہید اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ کئی گھروں کو مسمار کردیا گیا۔ درجن سے زائد خاندان کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کی جارحیت کا دوسرا واقعہ قباطیہ میں پیش آیا جہاں ایک 25 سالہ ڈاکٹر شامخ کمال کو فوجیوں نے گولیاں مارکر شہید کردیا جب کہ ان کے بھائی شدید زخمی ہوگئے۔

اسی طرح البیرہ میں بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 16 سالہ نوجوان کو شہید کردیا جب کہ 5 زخمی ہوگئے۔ جن میں سے ایک زخمی نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔

عینی شاہدین نے الجزیرہ کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے جنین گورنمنٹ اسپتال اور ابن سینا اسپتال کا محاصرہ کرلیا۔

دوسری جانب مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف عسکری جدوجہد کرنے والی "جنین بریگیڈ" نے اعلان کیا کہ وہ اسرائیلی افواج کے خلاف سخت مزاحمت کررہے ہیں اور کئی محاذوں پر ان کو پسپا کردیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اسرائیل حماس جنگ میں مغربی کنارے میں اب تک 230 سے زائد فلسطینی شہید اور 2 ہزار 950 زخمی ہو چکے ہیں جب کہ غزہ میں شہادتوں کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں