پاکستان انگلینڈ پر بھی ہاتھ صاف کرنے کیلیے بے چین

آج وارم اپ میچ میں سامنا، مینجمنٹ کے پاس ہتھیاروں کی آزمائش کاآخری موقع

آج وارم اپ میچ میں سامنا، مینجمنٹ کے پاس ہتھیاروں کی آزمائش کاآخری موقع فوٹو: رائٹرز

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان وارم اپ میچ بدھ کو کولمبو کے پی سارا اوول میں کھیلا جائے گا۔

بلند حوصلہ گرین شرٹس ورلڈ کپ مہم کے آغاز سے قبل دفاعی چیمپئن پر بھی ہاتھ صاف کرنے کیلیے بے چین ہیں، ٹیم مینجمنٹ کے پاس ہتھیاروں کی آزمائش کا یہ آخری موقع ہے، دوسری جانب انگلش ٹیم بھی اعتماد برقرار رکھنے کیلیے فتح کی متلاشی ہے۔


تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کا منگل سے آغاز ہوچکا مگر ابھی پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایک وارم اپ میچ باقی ہے جو بدھ کو کھیلا جائے گا، اس سے قبل دونوں ٹیموں نے ایک ایک پریکٹس میچ کھیلا، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ میچ دونوں ٹیموں کے اپنے روایتی حریفوں کیخلاف تھے، پاکستان نے بھارت کو 5 وکٹ سے ٹھکانے لگایا جبکہ انگلینڈ نے آسٹریلیا پر 9 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

کینگروزکے خلاف یواے ای میں ٹوئنٹی 20 سیریز میں فتح اور پھر بھارتی ٹیم پر کامیابی نے پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند کردیے اور وہ دفاعی چیمپئن انگلش ٹیم کو پچھاڑ کر ایونٹ میں ٹرافی کیلیے مہم کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ دھونی الیون کیخلاف کامیابی کے باوجود ٹاپ آرڈر کی اسپن بولنگ پر ناکامی اور بولرز کے کارگر ثابت نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی کیمپ میں تشویش پائی جاتی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف پریکٹس میچ ٹیم مینجمنٹ کے پاس ایونٹ کیلیے حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کا آخری موقع ہے، عمران نذیر اور شاہد آفریدی کی فارم خاص طور پر پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے، دونوں کو ایونٹ سے قبل ردھم میں آنے کا موقع فراہم کیا جاسکتا ہے۔
Load Next Story