فلم کبھی الوداع نہ کہنا نے بہت طلاقیں کروائیں رانی مکھرجی کا انکشاف

اگر کسی عورت کا شوہر اُسے مارتا نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اپنی بیوی سے پیار کرتا ہے، رانی مکھرجی

فلم ’’کبھی الوداع نہ کہنا ‘‘2006 میں ریلیز ہوئی تھی : فوٹو: ویب ڈیسک

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی اور شاہ رخ خان کی فلم "کبھی الوداع نہ کہنا" کی وجہ سے بہت سے گھر ٹوٹے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رانی مکھرجی نے حال ہی میں گوا میں ہونے والے "انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا" میں خطاب کے دوران فلمساز کرن جوہر کی فلم "کبھی الوداع نہ کہنا" کے بارے میں بات کی۔

رانی مکھرجی نے کہا کہ "فلم 'کبھی الوداع نہ کہنا' کو بہت سے لوگوں نے سینما گھروں میں جاکر دیکھا تھا اور فلم کی کہانی نے بہت سے شادی شدہ جوڑوں کی آنکھیں کھول دی تھیں اور اُنہیں اصل خوشی کا احساس دلایا تھا"۔

اداکارہ نے کہا کہ "کبھی الوداع نہ کہنا کی ریلیز کے بعد بہت سی طلاقیں ہوئیں کیونکہ کئی لوگ زبردستی کے رشتے میں رہ رہے تھے، اس فلم کی وجہ سے لوگوں کو درست فیصلہ کرنے میں مدد ملی"۔


'کبھی الوداع نہ کہنا' میں اپنے کردار مایا کے بارے میں بات کرتے ہوئے رانی مکھرجی نے کہا کہ "مایا کے کردار کی خوبصورت بات یہ تھی کہ وہ رشی (ابھیشیک بچن) کو ایک دوست کے طور پر پسند کرتی تھی جبکہ دیو (شاہ رخ خان) سے محبت کرتی تھی"۔

مزید پڑھیں: گھر والوں کے پاس پیسے نہیں تھے اس لئے اداکارہ بنی، رانی مکھرجی

رانی مکھرجی نے مزید کہا کہ "عورت کی خواہشات اور اس کے انتخاب کے بارے میں بات کرنا بہت ضروری ہے، اگر کسی عورت کا شوہر اُسے مارتا نہیں ہے تو اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ اپنی بیوی سے پیار کرتا ہے"۔

واضح رہے کہ فلم ''کبھی الوداع نہ کہنا ''2006 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، رانی مکھرجی، پریٹی زنٹا اور ابھیشیک بچن نے اہم کردار نبھائے تھے۔
Load Next Story