رنبیر کپور کی انیمل نے ریلیز سے پہلے ہی 6 کروڑ کا بزنس کرلیا
فلم ’انیمل‘ یکم دسمبر 2023 کو پوری دنیا میں پانچ زبانوں میں ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی
بالی ووڈ سپر اسٹار رنبیر کپور کی نئی فلم 'انیمل' نے ریلیز سے قبل 6 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رنبیر کپور اور رشمیکا مندانا کی فلم 'انیمل' کی ایڈوانس بکنگ 25 نومبر کو شروع ہوئی تھی اور صرف دو دن میں فلم کے دو لاکھ سے زائد ایڈوانس ٹکٹس فروخت ہوگئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم 'انیمل' نے اپنی ایڈوانس بکنگ کے ذریعے ریلیز سے پہلے ہی 6 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے جس کے بعد یہ توقع کی جارہی ہے کہ یہ فلم ریلیز کے پہلے دن 50 کروڑ کا بزنس کرلے گی۔
'انیمل' کے ہندی ورژن کے سب سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں جن کی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد ہے، تیلگو ورژن کے 33 ہزار سے زائد ٹکٹ فروخت ہوئے جبکہ تامل ورژن کے 341 ٹکٹ کی ایڈوانس بکنگ ہوئی۔
واضح رہے کہ 'انیمل' میں رنیبر کے مقابلے میں بوبی دیول ولن کا کردار ادا کررہے ہیں اور ٹریلر میں ان کی انٹری کہانی کے ماحول کو یکسر تبدیل کردیتی ہے۔
مزید پڑھیں: 'اینیمل' کی ریلیز کے بعد کسی بھی فلم میں کام نہیں کروں گا، رنبیر کپور
سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں رنبیر کپور کے مدمقابل رشمیکا مندانا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔
فلم 'انیمل' یکم دسمبر 2023 کو پوری دنیا میں پانچ زبانوں ہندی، تیلگو، تامل، کناڈا اور ملیالم میں ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی۔