بی جے پی کا تاریخی بھارتی شہر حیدر آباد کا نام تبدیل کرنے کا عندیہ
ہم اُن تمام ناموں کو تبدیل کرینگے جو غلامانہ ذہنیت کی علامت ہیں، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی
انتہاپسند ہندو تنظیم بی جے پی نے تاریخی شہر حیدرآباد کا نام تبدیل کرنے کا عندیہ دے دیا۔
بھارتی حکمران جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تلنگانہ میں اپنی انتخابی ریلیوں سے خطاب میں حیدرآباد کا نام تبدیل کرکے بھاگیہ نگر رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شری بھاگیہ لکشمی مندر یہاں ہے اور یہ شہر دوبارہ بھاگیہ نگر بنے گا۔ مرکزی وزیر اور تلنگانہ میں بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے بھی یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی پارٹی ریاست میں برسراقتدار آئی تو حیدرآباد کا نام تبدیل کرکے بھاگیہ نگر رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں پوچھ رہا ہوں حیدر کون ہے؟ کیا ہمیں حیدر کے نام کی ضرورت ہے؟ حیدر کہاں سے آیا؟ اگر ہم اقتدار میں آئے تو ہم ان تمام ناموں کو تبدیل کر دیں گے جو غلامانہ ذہنیت کی علامت ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال شہر میں اپنی تقریر میں حیدرآباد کو بھاگیہ نگر کہا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان کو متحد کرنے کی مہم کا آغاز سردار پٹیل نے بھاگیہ نگر میں کیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست تلنگانہ میں 30 نومبر کو انتخابات ہوں گے اور 3 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ ریاست میں اس وقت بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) نامی جماعت کی حکومت ہے۔