راولپنڈی ٹریفک حادثے میں دوہیلتھ ورکرز جاں بحق ایک زخمی
محمد مسکین ، یاسمین اورصالحہ آفتاب موٹر سائیکل پرپولیو ویکسین لینے جارہے تھے کہ ایک موٹرسائیکل ان سے آٹکرائی
تھانہ صدر بیرونی کے علاقے اڈیالہ روڈ پر دو موٹرسائیکلوں کے مابین شدید تصادم کے نتیجے میں خاتون ہیلتھ ورکر سمیت دو ہیلتھ ورکرز جاں بحق ہوگئے۔
راولپنڈی میں پولیو مہم جاری ہے، جس کے دوران محکمہ ہیلتھ کی دو خواتین اور ایک میل ہیلتھ ورکرز محمد مسکین ، یاسمین اورصالحہ آفتاب موٹر سائیکل پر ویکسین لینے کے لیے جارہے تھے کہ اڈیالہ روڈ پر مخالف سمیت سے ایک موٹرسائیکل سوار تیز رفتاری اور غفلت کا مظاہرہ کرتے ہو ئے سیدھا ان سے آٹکرایا۔
حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دنوں موٹرسائیکلیں تباہ ہوگئیں، جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکر یاسمین اختر موقع پر دم توڑ گئی اور محمد مسکین، دوسری لیڈی ہیلتھ ورکر صالحہ آفتاب، ایک راہ گیر اور موٹرسائیکل سوار ارسلان شدید زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو 1122 نے اسپتال منتقل کیا جہاں محمد مسکین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ایس ایچ او صدر بیرونی جمال نواز کے مطابق پولیس کی مدعیت میں جان لیوا حادثے کا مرتکب ہونے والے موٹرسائیکل سوار ارسلان کے خلاف تیز رفتاری و غفلت سے موٹر سائیکل چلانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔