کڑی تنقید جگ ہنسائی کے بعد بورڈ نے اعظم پر عائد جرمانہ ختم کردیا

کرکٹر کو میچ کے دوران بلے پر فلسطینی پرچم لگاکر کھیلنے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا


ویب ڈیسک November 28, 2023
کرکٹر کو میچ کے دوران بلے پر فلسطینی پرچم لگاکر کھیلنے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا (فوٹو: ایکسپریس ویب)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دنیا بھر میں جگ ہنسائی اور کڑی تنقید کے بعد نوجوان کرکٹر اعظم خان پر عائد کردہ جرمانے کو ختم کردیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرکٹر پر میچ کے دوران بلے پر فلسطینی جھنڈے کا اسٹیکر لگا کر کھیلے پر ریفریز کی جانب سے میچ فیس کی پر عائد کردہ 50 فیصد جرمانے کو ختم کردیا گیا ہے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز کو اس بات کی اجازت نہیں ہے کہ وہ کوئی ایسی چیز پہنیں اور دکھائیں یا اپنے ذاتی پیغامات اپنے سازوسامان کے ذریعے پیش کریں، اس کے لیے پلیئر یا ٹیم آفیشلز ایسوسی ایشن اور پی سی بی کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کی پیشگی منظوری ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: اعظم خان پر جرمانہ؛ راشد لطیف نے کرکٹر کو ''دلیر'' قرار دیدیا

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اعظم خان نے پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.4کی خلاف ورزی کی تھی اورایک امپائر کی ہدایت کے باوجود انہوں نے اسٹیکر نہیں ہٹایا۔

مزید پڑھیں: اعظم پر جرمانہ؛ شائقین کرکٹ نے بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کو فلسطین کی حمایت پر کرکٹر پر جرمانے کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل ٹی20 کپ کے دوران کراچی میں اعظم خان پر جرمانے کے خلاف اسٹیڈیم کے باہر احتجاج کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔