کراچی کی ترقی قانون کی بالادستی میں ہے سراج الحق

معاشی حب اب خود تعاون کا محتاج ہے، پاکستان میں قانون صرف کمزوروں پر نافذ ہوتا ہے


Staff Reporter May 25, 2014
نجکاری کے نام بیروزگاری قبول نہیں، نومنتخب امیرجماعت اسلامی کا پہلا دورہ کراچی۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے نومنتخب امیرسراج الحق نے کہاہے کہ کراچی ملک کامعاشی حب ہے مگر2 عشروںسے بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے۔

کراچی ایئرپورٹ پر کارکنوں سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جب تک قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوگی اور شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک نہیں کیا جائے گا، کراچی ترقی نہیں کرسکتا۔ انھوںنے کہا کہ ظالموںنے 95فیصد وسائل پرقبضہ کرکے اداروں کو بھی مفلوج کر دیا ہے۔ آمریت ہویا جمہوریت، ہرنظام میں ایک مخصوص ٹولے کے وارے نیارے ہوتے ہیں اوروہ ایک دوسرے کا احتساب کرنے کے بجائے ایک دوسرے کی کرپشن پر پردہ ڈالتے ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بازار میں روٹی، چاول دال، گھی اور دوسری اشیائے ضرورت سستی ہوں۔ غریبوں کے بچوں کے لیے قلم اورکتابیں خریدناآسان ہو، مظلوم حق کے حصول کے لیے جب سپریم کورٹ اورہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے تولاکھوں روپے فیس نہ دیناپڑے۔

اسپتالوں میں مریض، تعلیمی اداروں میں طالبعلم اور عدالتوں میں مظلوم وی آئی پی ہو۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ مغلوں کے دور سے ایک ہی ٹولہ اور چند مخصوص خاندانوں نے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ انھوںنے کہا کہ نجکاری کے نام پرغریبوں کو بے روزگار کرنے کی اجازت ہم کسی قیمت پر نہیں دیں گے۔ حکومت نے ورلڈ بینک کے ساتھ پی آئی اے کو فروخت کرنے کا جو وعدہ کیا ہے اسے واپس لیا جائے۔ ہم ریلوے کو فروخت نہیں ہونے دیںگے۔ یہ قومی ادارہ ہے اس کو چلنا چاہیے۔ ریلوے غریبوں کی سواری ہے۔ انھوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن کی اصلاح اور آئین کے آرٹیکل62-63 پرعمل درآمدکی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔