بیلجیئم میں یہودی عجائب گھر میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ایک شخص زخمی

پولیس نے فائرنگ کرنے والے ایک شخص کو فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔


ویب ڈیسک May 25, 2014
فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب بیلجئیم سمیت یورپی یونین کے 21 ممالک میں یورپی یونین کے پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں فوٹو: اے ایف پی

بیلجئیم میں واقع یہودیوں کے ایک عجائب گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجئیم کے دارالحکومت برسلز کے پررونق علاقے میں واقع یہودیوں کے عجائب گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، پولیس حکام نے عینی شاہدین کے حوالے سے کہا ہے کہ کار میں سوار ایک شخص عجائب گھر میں داخل ہوا اور اس نے فائرنگ کردی تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ فائرنگ ایک ہی شخص نے کی یا وہاں موجود دیگر افراد بھی اس واقعے میں ملوث تھے تاہم پولیس نے اس شخص کو فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور کارفرما عناصر سے متعلق تفصیلات جمع کرنے اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔ تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہو گیا کہ واقعہ یہود دشمنی کا جذبہ کارفرما تھا یا کسی دوسری وجہ سے فائرنگ کی گئی۔

واضح رہے کہ فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب بیلجئیم سمیت یورپی یونین کے 21 ممالک میں یورپی یونین کے پارلیمانی انتخابات ہورہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔