یوئیفا چیمپیئنزلیگ میں ایتھلیٹکو میڈرڈ کو شکست ریال میڈرڈ 10ویں بار ایونٹ کا فاتح بن گیا

ریال میڈریڈ کی جانب سے راموس، بیل مارسیلیو اور کرسٹیانو رونالڈو نے گول کئے


ویب ڈیسک May 25, 2014
ریال میڈرڈ کے کوچ کارلو انچیلوٹی دو مخلتف کلبس کو چیمپئنز لیگ میں کامیابی دلوانے والے کوچ بن گئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈریڈ نے دسویں مرتبہ یورپ کا سب سے مشہور کلب فٹبال ٹورنامنٹ یوئیفا چیمپیئنز لیگ اپنے نام کرلیا ہے۔

پرتگال کے شہر لزبن میں چیمپئنز لیگ کے فائنل میں ریال میڈریڈ کا مقابلہ ایتھلیٹکو میڈرڈ سے تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹائٹل کی جنگ کے دوران دلچسپ کھیل دیکھنے کو ملا، کھیل کے 35 ویں منٹ میں ایتھلیٹکو میڈرڈ کی جانب سے گوڈین نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی، ایک موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اس مرتبہ کا ٹائٹل ایتھلیٹکو میڈرڈ کے نام رہے گا تاہم کھیل کے 90 ویں منٹ میں راموس نے ایک عمدہ ہیڈ پر گول کرکے کھیل کو ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔

اضافی وقت کے دوران دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر بھرپور حملے شروع کردیئے، اس موقع پر ریال میڈرڈ کے ''بیل'' نے گول کرکے پورے کھیل میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ جس کے کچھ ہی دیر بعد مارسیلیو اور کرسٹیانو رونالڈو نے بھی اپنی ٹیم کے لئے گول داغ کر اتھلیٹو میڈریڈ کے خلاف ایک کے مقابلے میں 4 گول کی برتری حاصل کرلی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔

یوئیفا چیمپیئنز لیگ 2014 کا فاتح ریال میڈریڈ اس ایونٹ کو 10 مرتبہ اپنے نام کرنے والے کلب میں شامل ہوگیا ہے، اس کے علاوہ ریال میڈرڈ کے کوچ کارلو انچیلوٹی اٹلی سے تعلق رکھنے والے ایسے پانچویں کوچ بھی بن گئے ہیں، جنہوں نے دو مختلف کلبس کی کوچنگ کرتے ہوئے انہیں چیمپئنز لیگ کے فائنل میں کامیابی دلوائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔