ن لیگ کا سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ کیلیے الیکشن کمیشن سے رجوع

پیپلز پارٹی سندھ میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جلسے جلوس کر رہی ہے، خط کا متن

(فوٹو فائل)

پاکستان مسلم لیگ ن نے سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا۔

صدر مسلم لیگ ن سندھ بشیر میمن نے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں درخواست کی ہے کہ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلینگ فیلڈ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

خط کے متن کے مطابق صوبے میں منظم بدعنوان نیٹ ورک چل رہا ہے اور پیپلز پارٹی سندھ میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جلسے جلوس کر رہی ہے۔ زائد وقت گزرنے کے باوجود پی ایس پی افسران تاحال سندھ میں تعینات ہیں، الزامات کی تحقیقات کرائی جائیں۔


میڈیا سے گفتگو میں ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن نے بتایا کہ آج چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، جس میں ان سے گزارش کی کہ سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کیا جائے۔

بشیر میمن نے کہا کہ ہمیں نگراں وزیر اعلیٰ مقبول باقر پر یقین ہے لیکن بیورو کریسی نے ان کو یرغمال بنایا ہوا ہے، انکے ارد گرد کی بیورو کریسی ان کو مس لیڈ کرتی ہے، وزیر اعلیٰ کو جو گائیڈنس ملتی ہے اس پر انگلیاں اٹھتی ہیں اس لیے سندھ کی بیورو کریسی پر اعتماد نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی مرتبہ پیپلز پارٹی نے 38 لاکھ جبکہ اپوزیشن نے 64 لاکھ ووٹ لیے، بدقسمتی سے وہ افسران جو پیپلزپارٹی کی حکومت میں رہے انھیں اثرانداز ہونے کے لیے دوسرے اضلاع میں تبادلہ کیا جا رہا ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو شفاف انتخابات نہیں ہوسکیں گے۔
Load Next Story