سال 2023 پاکستان میں سب سے زیادہ سنے جانے والے سنگرز کی فہرست جاری

پاکستان میں سب سے زیادہ سنے جانے والوں میں مقامی گلوکاروں کیساتھ بھارتی گلوکار بھی شامل ہیں


ویب ڈیسک November 30, 2023
پاکستان میں سب سے زیادہ سنے جانے والوں میں مقامی گلوکاروں کیساتھ بھارتی گلوکار بھی شامل ہیں، فوٹو: فائل

دنیا بھر میں نغموں کو سننے کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میوزک اسٹریمنگ سروس Spotify نے پاکستان میں سال 2023 کے دوران مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے ممتاز گلوکاروں کی عالمی فہرست جاری کردی جس میں پاکستانی گلوکار بھی شامل ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپاٹی فائی (Spotify) کے Wrapped 2023 کے تحت پاکستان میں سب سے زیادہ سنے جانے والے گلوکاروں کی فہرست جاری کردی۔

رواں برس کے اختتام پر پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور طلحہ انجم نے ایک بار پھر موسیقی کی دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں کامیاب رہے ہیں اور پاکستان کے سب سے زیادہ اسٹریم کیے جانے والے گلوکاروں کی فہرست میں شامل ہیں۔

مجموعی طور پاکستان میں سب سے زیادہ اسٹریم کیے جانے والے گلوکار بھارتی ارجیت سنگھ ہیں۔ ان کے علاوہ پریتم، اے پی ڈھلن، عاطف اسلم، طلحہ انجم، ٹیلر سوئفٹ،نصرت فتح علی خان، آنجہانی موسیٰ والا، راحت فتح علی خان اور عاصم اظہر وغیرہ بھی شامل ہیں۔

پاکستان میں گلوکاراؤں میں پسوڑی سے عالمی شہرت حاصل کرنے والی شائی گل اوّل نمبر پر ہیں۔ ان کے بعد مومنہ مستحسن اور عابدہ پروین کو سب سے زیادہ سنا گیا۔ فہرست میں قرۃ العین بلوچ، نصیبو لال اور آئمہ بیگ بھی شامل ہیں۔

اسی طرح 23 سال قبل انتقال کرجانے والی نازیہ حسن اب بھی سب سے زیادہ سنے جانے والی گلوکاراؤں کی فہرست میں شامل ہیں۔

نوجوان گلوکار عمیر اور عبدالحنان بھی 10 زیادہ سنے جانے والے پاکستانی گلوکاروں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

مقبول پاکستانی گانوں کی بات کی جائے تو کیفی کے گانے ''کہانی سنو'' کو کوئی اور نغمہ مقبولیت میں شکست نہیں دے سکا تاہم نئے گلوکار عبد الحنان کے تین نغموں ''ارادے، بکرا اور سیا'' نے بھی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے۔

اگر بات کی جائے میوزک البم کی تو طلحہ انجم کے ''اوپن لیٹر'' نے پاکستانی گلوکاروں کے البمز میں میدان مار لیا ہے۔ اس البم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے صرف شبھ کے اسٹیل رولن نے پیچھے چھوڑا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔