جرمن صدر طیارے کے دروازے پر 30 منٹ قطری میزبانوں کی راہ تکتے رہے

رن وے پر استقبال کیلیے گارڈ آف آنرز دینے والے فوجی اور ریڈ کارپٹ بھی تھا لیکن قطری حکام نہیں پہنچے تھے

جرمنی کے صدر ایئرپورٹ پر طیارے کے دروازے پر کھڑے قطری میزبانوں کی راہ تک رہے ہیں؛ فوٹو: فائل

جرمنی کے صدر کو قطر لے جانے والا طیارے کے وقت سے پہلے منزل مقصود پر پہنچنے پر ان کے استقبال کا پروگرام بے نظمی کا شکار ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹینمیئر کو قطر ایئرپورٹ پر اپنے استقبال کے لیے آنے والے میزبانوں کا طویل انتظار کرنا پڑ گیا۔ وہ طیارے کے دروازے پر کھڑے ہو کر آدھے گھنٹے تک انتظار کرتے رہے۔

قطر ایئرپورٹ پر جرمنی کے صدر کے استقبال کے لیے طیارے کی لینڈنگ کی جگہ پر ریڈ کارپٹ بھی رکھا ہوا تھا، گارڈ آف آنرز دینے والے فوجی بھی تھے اور تمام انتظامات مکمل تھے لیکن قطری حکام موجود نہ تھے۔


جرمنی کے صدر کو اس کوفت کا سامنا اس لیے کرنا پڑا کیوں کہ ان کا طیارہ اپنے مقررہ وقت سے آدھے گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پر پہنچ گیا تھا۔ ان کا رن وے پر ہی استقبال ہونا تھا اور رن وے پر میزبانوں کو رسائی عین مقررہ وقت ہی دی جاتی ہے۔

صدر فرینک والٹر اسٹینمیئر وقت سے آدھے گھنٹے قبل ہی پہنچ گئے تھے اس لیے میزبان موجود نہیں تھے تاہم کچھ وقت انتظار کے بعد حکام بھی آگئے اور اس بے نظمی پر معذرت کی۔

جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹینمیئر غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والے جرمن شہریوں کی رہائی کے لیے قطر پہنچے ہیں جو اب بھی حماس کی قید میں ہیں۔
Load Next Story