پولیس افسران کاعدالتوں میں ملزمان کے خلاف گواہی دینے اور برآمدہ اسلحہ پہچاننے سے انکار

سندھ اسلحہ ایکٹ کے مقدمات میں گواہ پولیس افسران اوراہلکار لاکھوں روپے وصول کرکے منحرف ہوگئے،ملزمان کو فائدہ پہنچنے لگا


Arshad Baig May 26, 2014
سندھ اسلحہ ایکٹ کے مقدمات میں گواہ پولیس افسران اوراہلکار لاکھوں روپے وصول کرکے منحرف ہوگئے،ملزمان کو فائدہ پہنچنے لگا۔ فوٹو: فائل

پولیس افسران عدالتوں میں ملزمان کے خلاف گواہی دینے اور برآمدہ اسلحہ پہچاننے سے انکار کرنے لگے ،عدالتیں ملزمان کو سزا دینے سے قاصر ہوگئیں۔

سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت قائم کئی مقدمات میں پولیس افسران جان بوجھ کر قانونی سقم پیدا کرکے منحرف ہونے لگے،کئی مقدمات میں پولیس افسران نے مبینہ طور پر ملزمان سے لاکھوں روپے وصول کرلیے، تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے کراچی میں دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے کیلیے سندھ اسلحہ ایکٹ کا قانون اسمبلی سے منظور کرایا ایکٹ کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کی سزا3 سال بے بڑھا کر 14 برس کردی گئی اور مقدمات کی سماعت کیلیے خصوصی عدالتیں قائم کی گئیں تاہم پولیس افسران عدالتوں میں ملزمان کے خلاف گواہی دینے اور ملزمان کے قبضے سے برآمد شدہ اسلحہ پہچاننے سے انکار کرکے اپنے بیانات میں سقم پیدا کرکے ملزمان کو فائدہ پہنچارہے ہیں۔

سرکاری وکیل سید شمیم احمد نے سب انسپکٹر محمد ذکریا کریجو کو پیرآباد تھانے میں سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ملوث ملزم اویس قادری کے مقدمے میں بطور گواہ پیش کیا پولیس افسر نے بیان قلمبند کرانے کے بعد دوران جرح اپنے ہی بیان میں سقم پیدا کرکے ملزم کو براہ راست فائدہ پہنچایا، گواہ نے جرح میں عدالت کو بتایا کہ اس نے ملزم سے برآمد ہونے والے اسلحہ ایف ایس ایل کے ماہر کو رائے کیلیے نہیں بھیجا، ملزم سے برآمدہ اسلحے کا تعین نہیں ہوسکا کہ وہ نقلی ہے یا اصلی، تھانہ مومن آباد میں گرفتار ملزم محمد احمد عرف بیٹری کے مقدمے میں سب انسپکٹر نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس نے اسلحہ کو فارنسک لیبارٹری نہیں بھیجا جس کی وجہ سے ایف ایس ایل رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی جاسکتی۔

تھانہ جیکسن میں سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت گرفتار ملزم رحمن اﷲ کے مقدمے میں اہلکار امام دین نے اپنے بیان میں ملزم سے برآمد شدہ اسلحے کو شناخت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ملزم سے جو اسلحہ برآمد ہوا تھا وہ عدالت میں موجود نہیں ہے،ملزم صفدر حسین جسے تھانہ پیرآباد نے اسلحہ سمیت گرفتار کیا تھا اورگرفتاری کے موقع پر پولیس اہلکار کو گواہ بنایا تھا اسسٹنٹ سیشن جج غربی کی عدالت میں تھانہ پیرآباد کے اہلکار نے ملزم کو شناخت نہیں کیا اور اپنے ہی بیان سے منحرف ہوگیا۔

سرکاری وکیل سید شمیم احمد کے مطابق سندھ اسلحہ ایکٹ کے مقدمات حساس نوعیت کے ہیں لیکن روزانہ پولیس اہلکار اپنے بیانات سے منحرف ہورہے ہیں یا ایسا سقم پیدا کررہے ہیں جس سے ملزمان کو فائدہ پہنچ رہا ہے انھوں نے کئی بار منحرف ہونے والے اور ناقص تفتیش کرنے والے تفتیشی افسران کے خلاف اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر کارروائی کرنے کیلیے مکتوب ارسال کیے ہیں اور عدالتوں کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |