آئندہ بھی وہی فیصلہ ہوگا جو عمران خان کریں گے بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی کے ساتھ عوامی طاقت ہے اسے کوئی نہیں ہرا سکتا،جس دن الیکشن ہوا مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، نومنتخب چیئرمین


ویب ڈیسک December 02, 2023
(فوٹو : فائل)

تحریک انصاف کے نومنتخب چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کل بھی وہی فیصلہ ہوگا جو سابق پی ٹی آئی چیئرمین کا ہوگا، عمران خان کے جانشین کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھاتا رہوں گا۔

بلامقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اہم منصب ملنے پر سابق چئیرمین پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کل بھی وہی فیصلہ ہوگا جو سابق پی ٹی آئی چیئرمین کا ہوگا تاہم آج بھی ہماری لیڈر شپ انڈر گراؤنڈ ہے، میں عمران خان کے جانشین کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھاتا رہوں گا، عمران خان چیئرمین تھے عمران خان چیئرمین ہیں اور انشاءاللہ عمران خان تاحیات چیئرمین رہیں گے۔

یہ پڑھیں : عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی نہیں رہے، بیرسٹر گوہر نئے سربراہ منتخب

انہوں ںے کہا کہ تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے موروثی سیاست ختم کردی، ان کا دیا گیا یہ منصب میرے پاس امانت ہے، ہمیں ملک کو آگے لے کر جانا ہے، فارن فنڈنگ صرف ہماری پارٹی کا دیکھا گیا، انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کی تیاری مکمل ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ عوامی طاقت ہے اسے کوئی نہیں ہرا سکتا، جس دن الیکشن ہوا مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔

انہوں ںے مزید کہا کہ الحمدللہ ہمارے انٹراپارٹی الیکشن کا عمل اچھا رہا اس اعتماد کے لیے خان صاحب کا بہت مشکور ہوں، میری دعا ہے کہ وہ جلد واپس آجائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔