اڑان بھرتے ہی پی آئی اے پرواز میں آگ بھڑک اٹھی ہنگامی لینڈنگ
پرواز کراچی ایئرپورٹ سے مدینہ جارہی تھی، طیارے میں 276 مسافر سوار تھے
پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بچ گیا، کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز میں اڑان بھرتے ہی آگ بھڑک اٹھی جس پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بوئنگ 777 طیارے نے کراچی سے مدینہ کے لیے اڑان بھری تھی، اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے کے انجن سے چنگاری نکلنا شروع ہوگئی، کاک پٹ میں فائر الارم کی وارننگ بجی اور طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی، کپتان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ بجھانے کے آلات سے طیارے کے انجن میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔
اطلاعات آئی ہیں کہ طیارے کا ایک انجن بند ہوگیا تھا، کپتان نے اے ٹی سی سے رابطہ کیا اور ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی بعدازاں کپتان نے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔
طیارے میں 276 مسافر سوار تھے، لینڈنگ کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم فوری پہنچ گئی، کپتان اور فرسٹ آفیسر کے الکوحل، خون اور یورین کے ٹیسٹ کیے گئے، جہاز کے ایک انجن میں فائر وارننگ آئی تھی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ پر تارا گیا، پی آئی اے کے انجینئرز نے انجن کا معائنہ کیا، جہاز کے انجن میں آگ لگنے کے شواہد نہیں ملے، پروسیجر کے تحت ایک انجن پر جہاز کو اتارا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا ان میں سے 15 مسافروں نے جانے سے انکار کیا، مسافروں کو شام 5 بجے متبادل پرواز کے ذریعے مدینہ منورہ روانہ کیا جائے گا۔