سیکرٹری خزانہ کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات انتخابی فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی

الیکشن کمیشن کو جتنے فنڈز درکار ہونگے، دو دن میں جاری کر دیں گے،سیکرٹری خزانہ امداد اللہ


ویب ڈیسک December 04, 2023
چیف الیکشن کمیشن کمشنر کا وزیر اعظم کو صورت حال سے آگاہ کرنے کے لیے تفصیلی خط لکھنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے مختص فنڈز کی عدم فراہمی کا سخت نوٹس لے لیا۔

الیکشن کمیشن کی طلبی پر سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کمیشن پہنچے اور الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی، جس کے دوران فنڈز کی عدم فراہمی سے متعلق مسئلے پر بات چیت ہوئی۔

سیکرٹری خزانہ نے یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن کےلئے فنڈز جلد جاری کر دیں گے، کمیشن کو جتنے فنڈز درکار ہونگے، دو دن میں جاری کر دیں گے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے مختص شدہ رقم تاحال ریلیز نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اس مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے وزارت خزانہ نے اب تک 10 ارب روپے مہیا کیے ہیں اور بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آٹھ فروری کے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری طور پر 17 ارب روپے درکار ہیں۔

اس رقم کی فراہمی کے لیے وزارت خزانہ سے بارہا رجوع کیا گیا اور وزارت خزانہ کو اس رقم کی فوری فراہمی کے لیے تحریری یاددہانی بھی کرائی گئی تاہم اس سلسلے میں ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔

چیف الیکشن کمیشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اس صورت حال سے وزیر اعظم پاکستان کو بھی آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم کو آج تفصیلی خط بھی لکھا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں