ایم کیوایم پاکستان کا چیف الیکشن کمشنر سندھ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ
ایم کیوایم کے اعلی سطحی وفد نے چیف الیکشن کمشنرسلطان راجہ سے ملاقات میں حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات ظاہر کیے
ایم کیوایم پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ ایم کیوایم کو سندھ کے شہری علاقوں میں حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات ہیں۔
ایم کیوایم کے اعلی سطحی وفد نے چیف الیکشن کمشنر سلطان راجہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس کا اندرونی احوال ایکسپریس کو موصول ہوگیا جس کے مطابق ایم کیوایم نے چیف الیکشن کمشنر سے حلقہ بندیوں کے حوالے سے شدید تحفظات کااظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے چیف الیکشن کمشنر کے سامنے ملیر، کیماڑی، بلدیہ ٹاؤن ، اور کورنگی میں حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، ایم کیوایم رہنماوں نے کہا کہ یہ اعترضات پہلے بھی سامنے رکھے تھے اور اب دوبارہ رکھے جا ر ہے ہیں۔
کراچی کے علاوہ ایم کیوایم نے حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، نواب شاہ کے حلقوں میں دیہی آبادیوں کو شامل کیے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر زیادتی ہے ۔
ایم کیوایم پاکستان کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ان اعتراضات پر سوموٹو لینے کامطالبہ کیا جبکہ ایم کیوایم کے رہنماؤں نے سندھ کے الیکشن کمشنر اعجاز چوہان کو فوری طور پرعہدے سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔
ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے حلقہ بندیوں کے معاملے پر قانونی راستہ اختیار کر نے کا فیصلہ کرلیا ہے، ایم کیوایم کے وکلا جلد اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر یں گے۔
ایم کیوایم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اعجاز چوہان کے ہوتے ہوئے الیکشن شفاف نہیں ہو سکتے، ذرائع ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ حکومتی اختیارات اور وسائل کا بے جا استعمال ہورہا ہے، الیکشن خریدنے کا سلسلہ ختم ہو نا چاہیے ، حلقہ بندیوں سے الیکشن خریدے جانے کے اثرات نظر آر ہے ہیں۔
ایم کیوایم ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندرراجہ نے ایم کیوایم کے اعتراضات پر جلد معاملات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔