تھائی لینڈ میں ڈبل ڈیکر بس درخت سے ٹکرا گئی 14 افراد ہلاک

تھائی لینڈ میں ڈبل ڈیکر مسافر بس حادثے میں 32 افراد زخمی بھی ہوئے

تھائی لینڈ میں ڈبل ڈیکر مسافر بس حادثے میں 14 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے، فوٹو: فائل

تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں ڈبل ڈیکر مسافر بردار بس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں مسافر بس سدرن ٹرمینل سے 46 مسافروں کو لے کر سونگخلا کے ضلع نتھاوی جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔

مسافر بس ممکنہ طو پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر ایک درخت سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا خوفناک تھا کہ بس کے اگلے حصے کے دو ٹکڑے ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر بس کے بریک فیل ہوجانے کا امکان بھی ہے۔ اصل صورت حال تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔


زخمیوں میں سے 13 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت (WHO) کے مطابق تھائی لینڈ میں روڈ ایکسیڈنٹ میں ہونے والی اموات کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ ہر سال تقریباً 20 ہزار افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوجاتے ہیں۔

 

 
Load Next Story