وقت آگیا ہے کہ خطے کو عدم استحکام اور عدم تحفظ کے ماحول سے نکالیں وزیراعظم

نریندر مودی کے حوالے سے کوئی خدشات نہیں کیونکہ وہ اُسی جماعت کے وزیراعظم ہیں جن سے واجپائی تعلق رکھتے تھے، وزیراعظم


ویب ڈیسک May 26, 2014
پاکستان اور بھارت مشترکہ ثقافتی اور تاریخی ورثہ رکھتے ہیں، وزیراعظم فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کے خلاف بداعتمادی، خوف اور نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔وقت آگیا ہے کہ خطے کو عدم استحکام اور عدم تحفظ کے ماحول سے نکالیں۔

بھارتی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت مشترکہ ثقافتی اور تاریخی ورثہ رکھتے ہیں، دونوں ملکوں کی حکومتیں باہمی تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ کرسکتی ہیں کیونکہ دونوں کے پاس واضح مینڈیٹ ہے جو دونوں ممالک کو ایک صف پر کھڑا کرنے میں مدد دے سکتا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ خطے کو عدم استحکام اور عدم تحفظ کے ماحول سے نکالیں، وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو وہیں سے دوبارہ جوڑنا چاہتے ہیں جہاں سے 1999 میں وہ اور بھارت کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی لے کر گئے تھے۔ اس کے لئے ہمیں ایک دوسرے کے خلاف بداعتمادی، خوف اور نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں بھارت کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے سے کوئی خدشات نہیں، یہ اُسی جماعت کے وزیر اعظم ہیں جن سے اٹل بہاری واجپائی تعلق رکھتے تھے، وہ بھارتی ہم منصب سے ملاقات کے مثبت نتائج کے لئے پرامید ہیں اور اس ملاقات کو خطے کے لئے انتہائی اہم موقع کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ دورہ بھارت کے حوالے سے ان پر کسی بھی قسم کا داخلی دباؤ نہیں تھا، دورے کے اعلان میں تاخیر مشاورت کی وجہ سے ہوئی۔

اس سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سےدوستی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، وہ بھارت امن کا پیغام لے کر جارہے ہیں کیونکہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، اسی کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں