کراچی میں ڈکیتوں نے پولیس اہلکار کو بھی لوٹ لیا
کھوکھراپار تھانے میں تعینات ہیڈ محرر ہیڈ کانسٹیبل رحمت نوکری کے بعد گھر روانہ ہوا تو ڈکیتوں نے لوٹ لیا، مقدمہ درج
شہر قائد کے اسٹریٹ کرمنلز سے پولیس اہلکار بھی محفوظ نہیں رہے، کورنگی صنعتی ایریا میں کھوکھرا پار تھانے کے ہیڈ محرر کو مسلح افراد باآسانی کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کھوکھراپار تھانے میں تعینات ہیڈ محرر ہیڈ کانسٹیبل رحمت نوکری کے بعد گھر روانہ ہوئے تو کورنگی صنعتی ایریا میں مسلح ملزمان نے لوٹ مار کی اور پولیس اہلکار کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کردیا۔
ہیڈ محرر کے ساتھ لوٹ مار کے واقعہ کا مقدمہ کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کورنگی حسن سردار کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کھوکھراپار تھانے میں تعینات ہے جو صنعتی ایریا میں اپنے گھر جارہا تھا کہ راستہ میں ملزمان نے لوٹ مار کی اس معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور اطراف موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ پڑتال بھی کی جارہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔