انسٹاگرام فیس بک کے مابین استعمال ہونے والا اہم فیچر ختم کرنے کا فیصلہ

انسٹاگرام اور فیس بک صارفین یہ فیچر رواں ماہ کے وسط سے استعمال نہیں کر سکیں گے

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا اپنے ذیلی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مابین براہ راست پیغام رسانی کے فیچر کو ختم کرنے جارہی ہے۔

میٹا کی جانب سے جاری کردہ ایک اپ ڈیٹ کے مطابق انسٹاگرام اور فیس بک کے مابین کی جانے والی 'کراس-ایپ' چیٹ کو رواں ماہ دسمبر کے وسط سے صارفین استعمال نہیں کر سکیں گے۔

خوش قسمتی سے دونوں ایپس کے درمیان کی گئی پُرانی گفتگو صارفین کو دستیاب ہوں گی لیکن وہ کسی کو جواب یا نئی گفتگو کی شروعات نہیں کر سکیں گے۔




فیچر متعارف کراتے وقت میٹا کا کہنا تھا کہ کراس ایپ چیٹ سے فیس بک صارفین انسٹاگرام ڈاؤن لوڈ کیے بغیر (اور انسٹاگرام صارفین فیس بک ڈاؤن لوڈ کیے بغیر) اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو پیغام بھیج سکیں گے۔

ماہرین کی جانب سے مشاہدہ کیا گیا ہے کہ میٹا کی جانب سے اس تبدیلی کا سبب ممکنہ طور پر یورپین یونین کا ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایکٹ (ڈی ایم اے) ہو سکتا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈی ایم اے کا مقصد صارفین کے لیے مختلف مسابقتی سروسز کے انتخاب میں آسانی لانا ہے۔ ان سروسز میں سماجی رابطے کے پلیٹ فارم، انٹرنیٹ براؤزر اور ایپ اسٹورز شامل ہیں۔
Load Next Story