اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت کی جانب سے پیمرا اراکین کو جاری شوکاز نوٹس معطل کردیا

عدالت نے27مئی کو طلب کیا جانےوالا اجلاس اورپیمرا کےایگزیکٹیو ممبرکمال الدین ٹیپو کی تقرری کا نوٹی فکیشن بھی معطل کردیا


ویب ڈیسک May 26, 2014
وزارت اطلاعات نے پیمرا کے 3 پرائیویٹ ارکان اسرار عباسی، میاں شمس اور فریحہ افتخار کو 22 مئی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ فوٹو:فائل

ہائی کورٹ نے پیمرا کے 3 پرائیویٹ اراکین کو حکومت کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس، پیمرا کے ایگزیکٹیو ممبر کمال الدین ٹیپو کی تقرری سمیت 27 مئی کو طلب کئے گئے اہم اجلاس کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیمرا اراکین کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس نورالحق قریشی نےکی۔ سماعت کے دوران پیمرا کے پرائیویٹ ممبران نے موقف اختیار کیا کہ حکومت کی جانب سے پیمرا کے اراکین کو جاری شوکاز نوٹس غیر قانونی تھا وزارت اطلاعات اس کا اختیار ہی نہیں رکھتی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد حکومت کی جانب سے پیمرا کے 3 پرائیویٹ ممبران کو جاری شوکاز نوٹس سمیت سرکاری اراکین کی جانب سے 27 مئی کو طلب کئے جانے والے اہم اجلاس اور پیمرا اتھارٹی کے ایگزیکٹیو ممبر کمال الدین ٹیپو کی تقرری کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

واضح رہے کہ پیمرا کے 5 پرائیوٹ ممبران نے 20 مئی کو اجلاس طلب کرکے جیو نیوز، جیو انٹرٹینمنٹ اور جیو تیز کے لائسنس معطل کردیئے تھے تاہم اس کے 2 روز بعد ہی حکومت نے پیمرا کے 3 پرائیویٹ ارکان اسرار عباسی، میاں شمس اور فریحہ افتخار کو نظم وضبط کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کیا جس کے بعد پیمرا کے سرکاری ممبران نے 27 مئی کو جیو کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں