بی جے پی کے نریندر مودی نے بھارتی وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا

تقریب حلف برداری میں پاکستان نیپال،سری لنکا،مالدیپ،بھوٹان اور افغانستان کے سربراہان سمیت 4 ہزار شخصیات نے شرکت کی۔


ویب ڈیسک May 26, 2014
بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے نریندرمودی سے بھارت کے 15ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیا،۔فوٹو:اے ایف پی

KARACHI: ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کے رہنما نریندر مودی نے بھارت کے 15ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے صدر پرناب مکھر جی نے ان سے حلف لیا۔

نو منتخب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری بھارتی ایوان صدر(راشٹرپتی بھون) میں ہوئی جہاں صدر پرناب مکھر جی نے نریندرمودی سے بھارت کے 15ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیا، نریندر مودی کے ساتھ ہی ان کی کابینہ نے بھی حلف اٹھا لیا جن میں سشما سوراج کو وزیرخارجہ،راج ناتھ سنگھ داخلہ اور ارون جیٹلی وزیرخزانہ کے ساتھ دفاع کا بھی اضافی چارج رکھیں گے جبکہ کابینہ میں واحد مسلمان وزیر نجمہ ہیپت اللہ کو اقلیتی امور کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ تقریب حلف برداری میں پاکستان نیپال،سری لنکا،مالدیپ،بھوٹان اور افغانستان کے سربراہان سمیت 4 ہزار شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی،راہول گاندھی، بھارتی آرمی چیف جنرل بکرام سنگھ اور بھارت کی تمام ریاستوں کے گورنرز اور وزارائے اعلیٰ سمیت اعلیٰ سرکاری اہلکاروں نے بھی شرکت کی جبکہ تقریب میں اداکار سلمان خان،شتروگن سنہا،ہیما مالنی،وویک اوبرائے سمیت بالی ووڈ کے دیگر ستارے بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نوازشریف جب تقریب حلف برداری میں پہنچے تو ان کا مہمانوں سے تعارف کرایا گیا وزیراعظم نے سابق بھارتی ہم منصب منموہن سنگھ سے گرم جوشی سے مصافحہ کیا جبکہ سابق بھارتی صدر عبدالکلام اور ایل کے ایڈوانی کی بھی خیریت دریافت کی، وزیراعظم نوازشریف کو سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کےبرابر والی نشست پر بٹھایا گیا۔تقریب حلف برداری کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کرتے ہوئے 6 ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا جبکہ تقریب کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

وزیراعظم بننے کےبعد نریندرمودی نے اپنے پہلے پیغام میں کہا کہ بھارت میں ترقی کی شاندار تاریخ رقم کریں گے،عوام کا مینڈینٹ ملکی استحکام اور ترقی کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کی طاقت پر یقین ہے جبکہ ترقی کے لیے بھارتی عوام کی حمایت اور تعاون کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں