کراچی دم کیلیے آنے والی بزرگ خاتون کو قتل کر کے لاش چھپانے والا حافظ قرآن گرفتار

60 سالہ مقتولہ چوبیس سال کے حافظ قرآن کے پاس دم کروانے گئی تھی، زیورات دیکھ کر لالچ میں ملزم نے خاتون کو قتل کیا

فوٹو: فائل

شہر قائد کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں دم درود کرنے والے حافظ قرآن نے لالچ میں بزرگ خاتون کو قتل کر کے لاش گھر کے ڈرم میں چھپا دی۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے بلال کالونی پختون خان چوک گلی نمبر 3 میں مکان کے اندر ڈرم سے بزرگ خاتون کی 5 سے 6 دن پرانی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی، جس پر پولیس نے تفتیش شروع کی اور قتل کے الزام میں حافظ قرآن نوجوان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے مقتولہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او عبیداللہ خان نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 60 سالہ زاہدہ بی بی کے نام سے کی گئی جبکہ گرفتار ملزم 24 سالہ ضیا الرحمٰن حافظ قرآن ہے اور دم درود کا کام بھی کرتا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ زاہدہ بی بی گزشتہ ہفتے کو ضیاالرحمٰن کے پاس دم کرانے گئی تھی اور اس دوران اس نے طلائی بالیاں اور چین پہنی ہوئی تھی جسے دیکھ کر ملزم کے دل میں لالچ آگیا اور اس نے خاتون کو سر پر ہتھوڑے کے وار کر کے قتل کرنے کے بعد لاش گھر میں موجود ڈرم پر ڈال دی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کے شوہر نورالسلام نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ اس کی اہلیہ لاپتہ ہے جو کہ ضیاالرحمٰن کے پاس دم کرانے گئی تھی جسے وہ اپنے ہمراہ پولیس کے پاس بھی لایا تھا تاہم پولیس نے شک کی بنا پر تحقیقات کی تو ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے دوسرے گھر کی نشاندہی کی جہاں اس نے زاہدہ بی بی کو دم کرانے کے لیے بلایا اور وہیں پر اسے قتل کر کے لاش ڈرم میں چھپا دی تھی۔

ملزم جس گھر میں رہتا تھا مقتولہ کے شوہر کو وہاں کی تلاشی بھی کرائی تھی لیکن اس کی اہلیہ وہاں نہیں ملی۔ ایس ایچ او عبیداللہ نے مزید بتایا کہ ملزم نے مقتولہ کی 2 طلائی بالیاں اور طلائی چین لانڈھی میں کسی جیولر کو ڈیڑھ لاکھ میں فروخت کر دی تھی جس کی بنیاد پر گرفت مزید مضبوط ہوگئی۔

تاہم پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔
Load Next Story