ٹیکس نیٹ بڑھاؤمعیشت بچاؤتحریک چلائینگےعتیق میر

حکمران ملک و قوم کو سودی قرضوں کے چنگل سے نجات کا بیڑہ اٹھائیں، تاجر رہنما


Business Reporter May 27, 2014
حکمران ملک و قوم کو سودی قرضوں کے چنگل سے نجات کا بیڑہ اٹھائیں، تاجر رہنما فوٹو: فائل

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف پر زور دیا ہے کہ حکومت بجٹ 2014-15 میں سودی کشکول توڑ دے، تاجر ملک کی سلامتی کے لیے خزانے کا منہ کھول دینگے۔

حکمران ملک و قوم کو سودی قرضوں کے چنگل سے نجات کا بیڑہ اٹھائیں تاجر برادری بھرپور ساتھ دے گی، بجٹ کے نتیجے میں روٹی کی قیمت 5روپے اور آٹا 25 روپے کلو ہوگیا تو حکومت کی نیک نیتی اور وزیرِخزانہ کی صلاحیتوں کے معترف ہوجائیں گے۔ انھوں نے وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق دار کو خبردار کیا کہ بجٹ میں آئی ایم ایف کی خواہشات کا تڑکا لگایا تو بجٹ مسترد کردینگے، چھوٹے تاجروں کی مثبت اور قابلِ عمل تجاویز کو نظرانداز کیا گیا تو بجٹ کے حقیقی مقاصد اور محصولات کے اہداف کا حصول مشکل ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ سادہ، منصفانہ اور متوازن فکس ٹیکس سسٹم تاجروں کا دیرینہ مطالبہ ہے، نافذ کیا گیا تو خیرمقدم کرینگے، ''ٹیکس نیٹ بڑھاؤ معیشت بچاؤ'' تحریک چلائیں گے، بجٹ میں تاجر دوست پالیسی متعارف کرائی گئی تو انکم ٹیکس کی وصولیاں بڑھانے میں ایف بی آر سے بھرپور تعاون کرینگے۔انھوں نے تجویز پیش کی کہ انکم ٹیکس گوشوارہ فارم ایک صفحے پر مشتمل ، قومی زبان میں سادہ اور آسان بنایا جائے یا کم از کم 3 سال کے لیے ٹوکن ٹیکس سسٹم متعارف کرایا جائے، زراعت، سروسز ، بیوٹی پارلرز اور لگژری آئٹمز کو لازمی طور پر ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں