ٹھٹھہ پولیس کی کارروائی کراچی سے تعلق رکھنے والے5ٹارگٹ کلرز گرفتار

قبال نامی شخص کو اغوا کرنیوالے کار سواروں کو پولیس نے گھگر پھاٹک سے پکڑا،ایس ایس پی


Nama Nigar May 27, 2014
قبال نامی شخص کو اغوا کرنیوالے کار سواروں کو پولیس نے گھگر پھاٹک سے پکڑا،ایس ایس پی فوٹو:فائل

ٹھٹھہ پولیس کی کارروائی، کراچی سے تعلق رکھنے والے 5 ٹارگٹ کلرز گرفتار، ملزمان اغوا اور لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، پولیس۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹھٹھہ فدا حسین مستوئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوے بتایا کہ چند روز قبل ایک شخص نے پولیس کو اطلاع دی کہ 5 مسلح مشکوک افراد ایک شخص اقبال کو زبردستی کار میں ڈال کرکراچی کی طرف لے گئے ہیں جس پر ایس ایچ او دھابیجی نذیر چانڈیو نے علاقے کی ناکا بندی کرادی اور سب انسپکٹر وارث جونیجو کے ہمراہ کار کا پیچھا کیا اور مذکورہ کار کو گھگر پھاٹک کے قریب روک کر اقبال کو بازیاب کراکے پانچوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

دوران تفتیش اہم ملزم ارشاد عرف راحیل بہاری نے بتایا کہ اس کا تعلق ایک مذہبی جماعت سے ہے اور گرفتار ہونے والے دیگر ساتھی ارشد مکھا پولیس اہلکار، محمد اسلام، محمد مرشد اور شہباز کراچی کی مختلف علاقوں کے رہائشی ہیں۔ ملزمان نے رزاق اور زاہد کو منصور نگر، شاکر کو ڈسکو بیری، اکمل کو پاکستان بازار، عمران کو G-10 بس اسٹاپ اورنگی، بشیر کو طوری بنگش چوکی، قیصر کو چشتی موڑ، اشفاق کو، مومن آباد، کلیم کو اتحاد ٹاؤن، آصف کو ڈبہ موڑ میں قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

جبکہ3 افراد طیب، ذوالفقار اور جمیل کو اورنگی ٹاؤن میں گولیاں مار کر زخمی کیا۔ علاوہ ازیں منصور نگر پی سی او سے 12 ہزار روپے، سیلانی ٹرسٹ سے 26 ہزار، بیکری کی گاڑی سے 18 ہزار، جوتوں کے کارخانوں سے 75 ہزار اور جرمن اسکول سے موٹر سائیک بھی لوٹی تھیں۔ ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزمان خطرناک ٹارگٹ کلرز ہیں، مزید تفتیش جاری ہے، سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں