فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی میں ڈاکٹروں کا ”وائٹ کوٹ مارچ“

حافظ نعیم الرحمان نے مارچ کی قیادت کی، نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز کی بھی شرکت

فوٹو: ایکسپریس ویب

اسرائیلی دہشتگردی کیخلاف اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی میں ڈاکٹروں نے ''وائٹ کوٹ مارچ'' کیا۔

نیشنل اسٹیڈیم سگنل تا لیاقت نیشنل اسپتال تک ہونے والے مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کی جس میں نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز سمیت ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد شریک تھی۔ شرکاء نے فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے اور فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے "وائٹ کوٹ مارچ" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں ڈاکٹرز کا اس نوعیت کا احتجاج نہیں ہوا جس طرح آج کراچی کے ڈاکٹروں نے کیا ہے۔ امریکا اور برطانیہ سمیت یورپی ممالک کے حکمران اسرائیل کی پشت بانی کررہے ہیں جس کی وجہ سے شکست خوردہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر بمباری کررہا ہے۔



انہوں نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کا کوئی دوریاستی حل نہیں، ریاست صرف ایک ہی ہے اور وہ صرف فلسطین ہے۔ ملک میں موجود امریکا کے غلاموں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ فلسطینی عوام اپنی جانیں قربان کررہے ہیں لیکن سرزمین چھوڑنے پر تیار نہیں۔ الخدمت پہلے دن سے اہل غزہ و فلسطین کی امداد کیلئے موجود ہے۔


انہوں نے کہا کہ اسرائیل شکست کھانے کے بعد انتقامی آگ ٹھنڈی کرنے کے لیے بچوں اور اسپتالوں پر بمباری کررہا ہے۔ 62 دن گزرنے کے باوجود حماس کے مجاہدین سے مقابلہ نہیں کرسکا۔ 75 ہزار سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں، 18 ہزار سے زائد شہادتیں ہوچکی ہیں۔

نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ جس قوم نے آخری جنگ عظیم میں اذیت اٹھائی آج وہی قوم سب سے زیادہ بربریت کا مظاہرہ کررہی ہے۔ فلسطین میں جاری بمباری و دہشت گردی سے مذہب سے زیادہ مسئلہ انسانیت کا ہے۔ کبھی بھی اسپتالوں، ایمبولینس اور ڈاکٹروں پر حملہ نہیں کیا جاتا۔



انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب کا چہرہ کھل کر بے نقاب ہوگیا ہے۔اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں پر بمباری، ڈاکٹرز کو شہید کرنا اور ایمبولینس پر حملہ کرنا انسانیت کے خلاف ہے۔آج میں سندھ حکومت یا وفاقی حکومت کی نمائندگی نہیں کررہا بلکہ ذاتی حیثیت سے مارچ میں شریک ہوا ہوں کیونکہ میں خود سندھ اور وفاقی حکومت سے نالاں ہوں۔

"وائٹ کوٹ مارچ" سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے نومنتخب جنرل سکریٹری عبد الغفور شورو، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ڈاکٹر عبد اللہ متقی، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن خواتین ونگ کی ڈاکٹر عزیزہ انجم، پروفیسر سہیل اختر، ڈاکٹر فاخر رضا، ڈاکٹر عذرا رفیق، فلسطین فاؤنڈیشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر صابر ابو مریم، ڈائریکٹر میڈیکل سروسز الخدمت ڈاکٹر ثاقب انصاری ودیگرنے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story