حکومت بھارت سے سیریز کے انعقاد پر اٹھنے والے تمام اخراجات برداشت کرنے کو تیار

میزبانی کیلیے وزارت بین الصوبائی رابطے کوارسال کردہ سمری منظور ہو چکی، اختر رسول

میزبانی کیلیے وزارت بین الصوبائی رابطے کوارسال کردہ سمری منظور ہو چکی، اختر رسول فوٹو: فائل

صدر پی ایچ ایف اختر رسول نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کی میزبانی کیلیے وزارت برائے بین الصوبائی رابطے کو بھجوائی جانے والی سمری منظور ہوچکی۔


حکومت نے سیریز کے انعقاد پر اٹھنے والے تمام اخراجات برداشت کرنے کی حامی بھرلی ہے، وزیر اعظم کے دورے میں مزید پیشرفت کیلیے پر امید ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی ایچ ایف کے صدر اختر رسول نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پاک بھارت ہاکی مقابلے دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں، ان سے روایتی حریفوں کو اپنا کھیل نکھارنے اور مضبوط ٹیمیں بنانے کے مواقع ملیں گے۔نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پی ایچ ایف باہمی سیریز کی بحالی کیلیے بھرپور کوشش کررہی ہے، امید ہے کہ اس کے جلد ہی مثبت نتائج سامنے آئیں گے، انھوں نے کہاکہ ہاکی سیریز میں بھارت کی میزبانی کیلیے بین الصوبائی رابطے کی وزارت اور وزیر اعظم نواز شریف کو بھجوائی جانے والی سمری منظور ہوگئی ہے، مقابلوں کے انعقاد پر اٹھنے والے تمام تر اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

اختر رسول نے کہاکہ بھارت میں نئی حکومت کا قیام عمل میں آچکا ہے، دونوں ملکوں میں تعلقات مزید بہتر ہونے سے کھیلوں کے روابط پر بھی مثبت اثر پڑے گا، وزیر اعظم نواز شریف بھارت کے حالیہ دورے میں اسپورٹس تعلقات بحال کرنے کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ امید ہے کہ اس بار برف ضرور پگھلے گی اور دونوں ملکوں کے مابین ہاکی سیریز دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گی۔یاد رہے کہ پی ایچ ایف رواں سال جون میں بھارتی ٹیم کی میزبانی کیلیے تیار جبکہ پڑوسی ملکی کی فیڈریشن کو اپنی حکومت سے اجازت ملنے کا انتظار ہے۔
Load Next Story