کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق پولیس

معاملہ زمین کے تنازع کا ہے، پولیس / پیپلزپارٹی کے مسلح افراد نے کارکنان پر گولیاں چلائیں، ایم کیو ایم ڈپٹی کنونیئر


ویب ڈیسک December 11, 2023
(فوٹو فائل)

شہر قائد کے علاقے مچھر کالونی میں سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب فائرنگ کے واقعے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مچھر کالونی میں قائم ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر کے قریب فائرنگ کی گئی، جس میں موقع پر ہی تین افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

جاں بحق ہونے والے افراد کو ضابطے کی کارروائی کیلیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے سے شواہد اکھٹے کرنے کے ساتھ فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازع کے باعث پیش آیا، گرفتار ملزم اور مقتول کے درمیان تنازع چل رہا تھا، وقوعہ سے اہم ملزم نثار پٹھان کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں مسلح تصادم ہوا اور واقعے کے مقام پر کسی سیاسی جماعت کا دفتر موجود نہیں ہے۔ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ مقتولین میں سے ایک کی شناخت رئیس کے نام سے ہوئی۔

اُدھر آئی جی سندھ نے فائرنگ میں تین افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون میں کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔

ترجمان ایم کیو ایم نے پولیس کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ ہمارے انتخابی دفتر پر اُس وقت کی گئی جب قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدوار کیمپ کا دورہ کررہے تھے اور اس واقعے میں پیپلزپارٹی کے مسلح افراد ملوث ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر انیس قائم خانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دہشتگردوں نے مقامی عہدیداروں کی سربراہی میں نہتے کارکنان پر گولیاں چلائیں، ایم کیو ایم کے امیدوار ہمایوں، عثمان اور ملک فیاض کارکنان کے ہمراہ انتخابی مہم میں مصروف تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں