عام انتخابات کی تیاریاں الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی تعیناتیاں کردیں

عام انتخابات میں ڈپٹی کمشنرز اور بیورو کریسی کے افسران ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، نوٹی فکیشن


Staff Reporter December 12, 2023
(فوٹو: فائل)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے ضلعی ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے لئے الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز، ریٹرننگ آفیسرز اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 859 حلقوں کیلئے آر اوز، ڈی آر اوز اور اے آر اوز تعینات کردیے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت کیلئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 36 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کر دیے گئے ہیں۔

اسی طرح الیکشن کمیشن پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 41 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز، سندھ میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 30 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کردیے گئے ہیں جبکہ بلوچستان میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 36 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کردیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 266 ریٹرننگ آفیسر، اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کردیے۔ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 45 ریٹرننگ آفیسر، اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز، اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 3 ریٹرننگ آفیسر، اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کیے گئے ہیں۔

اسی طرح الیکشن کمیشن نے پنجاب سے قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 141 ریٹرننگ آفیسر اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز، سندھ سے قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 61 ریٹرننگ آفیسرز، اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کردیے جبکہ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے 16 ریٹرننگ آفیسر، اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کردیے۔

الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کیلئے 8 ریٹرننگ آفیسرز تعینات کردیے۔ اعلامیے کے مطابق ریٹرننگ افسران کا تقرر عام انتخابات کیلیے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کے لیےبھی ریٹرننگ افسران کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق عام انتخابات میں ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے فرائض سرانجام دیں گے، قومی و صوبائی اسمبلی کے تمام حلقوں کےلئے الگ الگ آر او تعینات کئے گئے ہیں۔

بیوروکریسی کے علاوہ صوبائی اور وفاقی محکموں سے بھی ریٹرننگ افسران لئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پشاور کی بیوروکریسی سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق انتخابی ڈیوٹی دینے والے افسران کے تبادلوں پر بھی پابندی ہوگی۔ اُدھر الیکشن کمیشن کے الیکشن ونگ میں تعطیلات ختم کردی گئی ہیں جس کے بعد آئندہ مرحلے میں الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا اور آئندہ ہفتے مقرر کیے جانے والے ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا مرحلہ شروع ہوگیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں 38 مقامات پر ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کے بعد پولنگ اسکیم کو
مکمل کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں