دھوکا دہی کیس اداکارہ زرین خان کی عبوری ضمانت منظور

پولیس کو اطلاع دیئے بغیر ملک سے باہر نہ جانے کی ہدایت


ویب ڈیسک December 12, 2023
پولیس کو اطلاع دیئے بغیر ملک سے باہر نہ جانے کی ہدایت (فوٹو: فائل)

کولکتہ کی مقامی عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ زرین خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھوکا دہی کیس میں کولکتہ کی مقامی عدالت نے اداکارہ کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد 30 ہزار روپے کے عوض ان کی 26 دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے جبکہ زرین خان کو پولیس کو اطلاع دیئے بغیر ملک سے باہر نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔

زرین خان ممبئی سے عدالت پہنچی تھیں اور اب عدالت نے انہیں ہر سماعت پر پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔

قبل ازیں رواں سال ستمبر کے مہینے میں اداکارہ وک کولکتہ کی عدالت نے اداکارہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

اداکارہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ زرین خان ایک فراڈ اسکیم کا شکار ہوئیں، کالی پوجا تقریب کے منتظمین نے مبینہ طور پر اُنہیں گمراہ کیا اور بتایا کہ یہ تقریب سرکاری طور پر وزیراعلیٰ، وزیر کھیل، اور سابق وزیر کھیل کی جانب سے مغربی بنگال کی حکومت کی طرف سے منعقد کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ زرین خان کولکتہ جانے کے لیے ایئر پورٹ پر پہنچی تھیں جہاں اُنہیں اس دھوکے کے بارے میں اس وقت پتہ چلا جب ان پر اکیلے سفر کرنے کیلئے دباؤ ڈالا گیا۔

زرین خان کے وکیل نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ منتظمین نے اداکارہ کو دھوکا دینے کیلئے اپنی جھوٹی شناخت کا استعمال کیا۔

واضح رہے کہ زرین خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2018ء میں ایک شو میں پرفارمنس کے پیسے لیے تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے پرفارم نہیں کیا اور نہ ہی اپنی غیرحاضری سے متعلق شو کے منتظمین کو آگاہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں