بائیکاٹ مہم کامیاب فیشن برانڈ ’زارا‘ نے متنازعہ فوٹو شوٹ پر معذرت کرلی
'زارا' (zara) کی نئی تشہیری مہم میں حساس نوعیت کا فوٹو شوٹ کیا گیا جس میں معصوم فلسطینیوں کا مذاق اڑایا گیا
بائیکاٹ مہم کے بعد انٹرنیشنل فیشن برانڈ 'زارا' نے فلسطینیوں کے خلاف فوٹو شوٹ پر معذرت کرلی۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں فیشن لیبل کی طرف سے وضاحت کی گئی ہے کہ نیا کلیکشن جولائی میں بنا تھا اور اس کا فوٹو شوٹ ستمبر میں کیا گیا۔
فیشن لیبل کے مطابق ان کی نئی تشہیری مہم کی تصاویر سے کچھ لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہ تصاویر ہٹائی دی گئی ہیں۔
معروف انٹرنیشنل فیشن برانڈ 'زارا' (zara) کی نئی تشہیری مہم میں حساس نوعیت کا فوٹو شوٹ کیا گیا، اس شوٹ میں معصوم فلسطینیوں کا مذاق اڑایا گیا، فوٹو شوٹ میں ماڈل نے سفید کپڑے میں لپٹی ہوئی لاش کا مجسمہ اپنے کندھے پر اُٹھایا ہوا تھا۔
فوٹو شوٹ میں ملبے کا ڈھیر اور گمشدہ اعضاء کے مجسمے بھی دکھائے گئے، فیشن برانڈ کا تشہیری فوٹو شوٹ دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور برانڈ کے بائیکاٹ کی مہم چلائی۔