ایران کی دوسری ایئرلائن نے پاکستان میں فلائٹ آپریشن شروع کردیا

تابان ایئر کی ہفتے میں ایک پرواز کراچی سے مشہد جائے گی، گورنر سندھ اور ایرانی قونصل جنرل افتتاحی پرواز سے مشہد روانہ


آفتاب خان December 13, 2023
فوٹو فائل

قومی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ ایران کی دوسری ایئرلائن تابان نے بھی پاکستان میں فلائٹ آپریشن کا آغاز کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایران کی تابان ایئرلائن کی پہلی پرواز آج کراچی سے مشہد کیلیے روانہ ہوگی۔ پہلی پرواز کا آغاز اور افتتاح گورنر سندھ کامران ٹیسوری کریں گے اور وہ خود بھی مشہد روانہ ہوئے۔

اس کے علاوہ پہلی افتتاحی پرواز سے ایرانی قونصل جنرل حسن نورانی بھی مشہد روانہ ہوئے۔

کراچی ائیرپورٹ پر ایران کی تابان ائیرکی افتتاحی فلائٹ کی تقریب ہوئی، جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایرانی قونصل جنرل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اے ایس ایف کے حکام موجود تھے۔

پہلی پرواز میں گورنر سندھ کے علاوہ 80 سے زائد مسافر روانہ ہوئے۔ تابان ایئر ابتدائی طور پر ہفتہ وار ایک پرواز چلائے گی جس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

تابان ایئر کی کراچی سے مشہد کیلیے پرواز ہر منگل کی رات گیارہ بجے جبکہ مشہد سے کراچی کیلیے فلائٹ ایرانی وقت کے مطابق شام چھ بجے چلے گی۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اور غیرملکی ائیرلائن کے پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن سے ملازمت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ایران ائیر کے بعد تابان ائیر دوسری ائیرلائن ہے جو پاکستان کے لئے فلائٹ آپریشن کا آغاز کر رہی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔