افغانستان سے طورخم کے راستے جدید امریکی اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
افغان ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں
طورخم بارڈر ٹرمینل پر کسٹم اور سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان آ نے والی گاڑی سے دوران چیکنگ پیاز سے بھری بوریوں سے جدید امریکی ہتھیار برآمد کر لیے۔
افغان ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں۔
برآمد کیے گئے اسلحے میں جدید امریکی ساختہ ایم فور، کلاشنکوف، میگزین، مختلف نوعیت کی ہزاروں گولیاں،امریکی رائفل گرنیڈ، نائٹ ویژن سائیٹس اور لیزر بیم شامل ہیں۔
افغانستان سے جدید امریکی اسلحے کی پاکستان اسمگلنگ اور ٹی ٹی پی کا سیکیورٹی فورسز اور پاکستانی عوام کے خلاف امریکی اسلحہ کا استعمال افغان عبوری حکومت کا اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کے دعوؤں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔
پاکستان افغانستان سے توقع رکھتا ہے کہ وہ ٹی ٹی پی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے اور غیر قانونی ہتھیاروں کی اسمگلنگ کو روکے۔
ماضی میں بھی پاکستان میں بارہا دہشت گردی کے واقعات میں افغان نژاد دہشت گردوں اور غیر ملکی اسلحہ کے استعمال کے ثبوت منظرِ عام پر آ چکے ہیں۔